کیپ ٹائون:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے دولت مشترکہ کی پارلیمانی اسمبلی کے 69 ویں کانفرنس سے خطاب کے دوران بھارتی وفد کو اپنے مضحکہ خیز طرز عمل کی بناء پر عالمی برادری کے سامنے سبکی کا سامنا کرنا پڑا ۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے جب اپنے خطاب میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل سے نمٹنے کے لئے 6 نکاتی پلان پیش کیا تو اس دوران ہندوستانی مندوبین پہلے تو پورے انہماک سے سپیکر قومی اسمبلی کا خطاب سنتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی بحری جہاز کی اشتعال انگیزی، پاکستان کا شدید ردعمل، وارننگ دیدی
سپیکر نے براہ راست کسی کا نام لئے بغیر بین الاقوامی پارلیمانی برادری کے سامنے پانی کی کمی، دریائوں میں اچانک پانی کی آمد اور پانی روکنے جیسے معاملات پیش کئے تو اس پر بھارتی مندوبین نے جواباً تقاریر کرنے کی کوششیں کیں ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی انصاف اور جمہوری اداروں کی شمولیت ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز پر پارلیمانی مکالمہ سنجیدہ، بامقصد اور تعمیری ہونا چاہیے۔
بھارتی مندوبین کی مضحکہ خیز حرکات پر جمیکا کی سپیکر اور مکالمے کی میزبان خاتون نے ہندوستانی مندوبین سے خاموش رہنے یا کمرے سے نکل جانے کی اپیل کی۔
کمرے میں موجود بین الاقوامی پارلیمانی برادری کے اراکین نے بھارتی وفد کے اس طرز عمل پر قہقہے لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: ترجمان پاک فوج کا بھارت، افغانستان کو دوٹوک پیغام، خطے کی صورتحال پر پوزیشن واضح کردی
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ بھی ایک متنازع معاملہ ہے۔ بھارت نے گزشتہ سال اپریل میں یکطرفہ طور پر معاہدے کو معطل کیا تھا، جس کے بعد مئی 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تنازع بھی ہوا۔
رواں سال اگست میں ہیگ کی مستقل ثالثی عدالت نے بھی بھارت کو پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری اور مقبوضہ کشمیر میں ایک پن بجلی منصوبے پر کام روکنے کا حکم دیا تھا۔




