امریکی مڈٹرم الیکشنز میں ٹرمپ کی پارٹی کی شکست پر میمز کا طوفان

امریکی مڈٹرم الیکشنز میں ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی نے جہاں ری پبلکنز کو شدید جھٹکا پہنچایا ہے، وہیں من چلوں کو بھی موقع فراہم کر دیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف میمز کا ایک طوفان وائرل ہو گیا ہے۔

انتخابات کے نتائج سامنے آتے ہی دنیا بھر کے صارفین اور میمرز کی جانب سے مختلف قسم کی تصاویراور خاکہ نگاری کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی جماعت پر طنز کے نشتر چلائے جا رہے ہیں۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کہیں ٹرمپ کو بلیو سونامی میں بہتے دکھایا گیا تو کہیں میمز کے ذریعے ان کی امیگریشن پالیسیوں پر کھل کر طنز کیا گیا۔ جبکہ ایک اور وائرل میم میں یہ طنز بھی کیا گیا کہ امریکا نے ٹرمپ کی اکثریت کو ہی ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی مڈٹرم الیکشن: ٹرمپ ایوان نمائندگان سے ہاتھ دھو بیٹھے، ڈیموکریٹس کو بڑی برتری حاصل

بین الاقوامی ردعمل اور طنزیہ ویڈیوز:

ٹرمپ کی اس ٹرولنگ میں ایرانی سفارت خانہ بھی پیچھے نہیں رہا اور اس نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ٹرمپ ایران میں رجیم چینج کرنے چلے تھے، جبکہ اب تو امریکا میں ہی رجیم چینج ہو گئی ہے۔

اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے بھارت میں قائم ایرانی سفارت خانے نے ایک طنزیہ اے آئی (مصنوعی ذہانت) ویڈیو شیئر کر دی۔ اس ویڈیو میں چند افراد ٹرمپ کو اٹھا کر کچرے کے ڈبے میں پھینکتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ اس ویڈیو کے کیپشن میں صرف اتنا لکھا گیا ’دی یو ایس مڈٹرم الیکشنز‘۔

بھارتی میمرز کا تبصرہ اور عوام کا جشن:

دوسری جانب بھارتی میمرز نے اپنے بھارتی چیف الیکشن کمیشن کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا۔ اس موقع پر کچھ میمرز نے کہا کہ ٹرمپ کی خواہش ہوگی کہ کاش ایک گینیش کمار ان کو بھی مل جائیں۔

انتخابات کے ان نتائج پر صرف میمز بنانے تک ہی بات محدود نہیں رہی، بلکہ کئی امریکی شہری بھی سڑکوں پر نکل کر جشن مناتے اور خوشی میں ویڈیوز بناتے نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی مختلف ویڈیوز میں لوگوں کو ’امریکا آزاد ہوگیا‘ کہتے اور اس پیشرفت کو نئی سیاسی امید سے جوڑتے دیکھا گیا۔