ایزی پیسہ

ایزی پیسہ نے صارفین کے لیے نئے سکیورٹی فیچرز متعارف کرا دئیے

معروف ڈیجیٹل ادائیگی کے پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے اپنے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے کیلئے سکیورٹی نظام میں نئے فیچرز شامل کردئیے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے اقدامات کا مقصد اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی اور مشکوک سرگرمیوں کے امکانات کو کم کرنا ہے۔

ایزی پیسہ کی ویب سائٹ پر اکاؤنٹ سکیورٹی سے متعلق فراہم کی گئی معلومات کے مطابق صارفین کے تحفظ کیلئے مختلف سطحوں پر سکیورٹی اقدامات کئے گئے ہیں۔

ان میں کولنگ آف پیریڈ، لوکیشن بیسڈ لاگ اِن اور ڈیوائس بائنڈنگ جیسے فیچرز شامل ہیں۔

نئے نظام کے تحت بعض اہم اکاؤنٹ تبدیلیوں کے بعد دو گھنٹے کا کولنگ آف پیریڈ رکھا گیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد کسی تبدیلی کے فوراً بعد ہونے والی ممکنہ مشکوک سرگرمی کو روکنے یا اس کے خطرے کو کم کرنا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایزی پیسہ صارفین کے لیے فوری قرضے کی سہولت، ایپ کے ذریعے آسان رسائی

اس دوران صارف کو اپنے اکاؤنٹ میں ہونیوالی کسی غیر معمولی سرگرمی کا جائزہ لینے اور ضرورت پڑنے پر بروقت اقدام کا موقع مل سکتا ہے۔

ایزی پیسہ نے لاگ اِن کے عمل کو مزید محفوظ بنانے کیلئے لوکیشن بیسڈ سکیورٹی بھی متعارف کرائی ہے۔

اس کے علاوہ ڈیوائس بائنڈنگ کے ذریعے اکاؤنٹ کو متعلقہ موبائل ڈیوائس کے ساتھ منسلک رکھنے کا نظام بھی سکیورٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق بائیومیٹرک تصدیق بھی صارف کی شناخت محفوظ انداز میں یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

مختلف سکیورٹی اقدامات کو یکجا کرکے اکاؤنٹس کے تحفظ کی مجموعی سطح بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

ایزی پیسہ نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اکاؤنٹ سے متعلق کسی بھی غیر معمولی یا مشکوک سرگرمی کو نظر انداز نہ کریں اور ایسی صورت میں فوری طور پر ضروری حفاظتی اقدامات کریں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایزی پیسہ صارفین کے لیے گیمنگ خریداریاں کرنے پر خصوصی ڈسکاؤنٹ متعارف

صارفین نئے سکیورٹی فیچرز اور اکاؤنٹ کے تحفظ سے متعلق مزید معلومات ایزی پیسہ کی آفیشل ویب سائٹ سے حاصل کرسکتے ہیں۔