ملک بھر میں آج بدھ کے روز تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر شدید اور موسلادھار بارش کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز بھی بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان کی موسمی صورتحال:
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند جگہوں پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔ ممکنہ شدید بارشوں کے باعث آزاد کشمیر کے پہاڑی سلسلے، گلگت بلتستان، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی، اسلام آباد میں دوسرے روز بھی بارش،نشیبی علاقے زیرآب ، رین ایمرجنسی نافذ
نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خطرات:
موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں مختلف شہروں بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، گوجرانوالہ اور گجرات کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا اور پنجاب کا موسم:
خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، بونیر، نوشہرہ، پشاور، صوابی، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ اور پاراچنار میں بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں بارش کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان کی صورتحال:
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم دونوں صوبوں کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارش کے ممکنہ اثرات اور خطرات کے پیش نظر تمام شہریوں، مسافروں اور بالخصوص پہاڑی علاقوں کی طرف سفر کرنے والے سیاحوں کو مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، مزید بارشوں کا الرٹ،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور پختونخوا حساس قرار




