سماہنی(کشمیر ڈیجیٹل) یومِ دفاع پاکستان کو شایانِ شان اور قومی جذبے کے ساتھ منانے کیلئے سماہنی میں تقریبات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ۔
اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سردار محمد پرویز خان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے افسران، بلدیاتی نمائندگان، علماء کرام، وکلاء، تاجران، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے عمائدین نے شرکت کی۔
اجلاس میں یومِ دفاع پاکستان کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی مختلف تقریبات، ریلی اور مرکزی پروگرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم : سرکاری اراضی پر ناجائز تعمیرات اور تجاوزات کیخلاف دفعہ 144 نافذ
اجلاس کو بتایا گیا کہ 6 ستمبر کو صبح 10 بجے لاری اڈا سماہنی سے ایک قومی یکجہتی ریلی نکالی جائے گی، جو چاہی روڈ سے ہوتی ہوئی واپس لاری اڈا سماہنی پہنچے گی۔
ریلی کی اختتامی منزل پر مرکزی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیساتھ ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سماہنی سردار محمد پرویز خان نے کہا کہ یومِ دفاع پاکستان ہماری قومی تاریخ کا اہم دن ہے، جو ہمیں افواجِ پاکستان اور ان عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
جنہوں نے وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یومِ دفاع کی تقریبات کا مقصد نئی نسل کو وطن عزیز کے دفاع، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے سے روشناس کرانا بھی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بابائے حریت علی شاہ گیلانی کی پانچویں برسی ، اہم شخصیات کا خراج تحسین پیش
انہوں نے کہا کہ سماہنی میں یومِ دفاع پاکستان کی تقریبات کو قومی امنگوں اور جذبہ حب الوطنی کے مطابق منعقد کیا جائے گا، بکہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اجلاس کے دوران مختلف سرکاری محکموں کے افسران سے بھی انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، ریلی کے روٹ، بجلی، صحت، ریسکیو اور دیگر ضروری امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات مقررہ وقت سے قبل مکمل کیے جائیں اور تقریب کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ یومِ دفاع پاکستان کی تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جائے اور تفویض کردہ ذمہ داریوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر قومی اتحاد، حب الوطنی اور ملکی سلامتی کے عزم کو اجاگر کیا جائے گا۔




