جج ہائیکورٹ آزادکشمیر جسٹس میاں عارف حسین مدت ملازمت سے سبکدوش ،پروقار اعزازی تقریب منعقد

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں وکشمیر ہائیکورٹ کے جج جسٹس میاں عارف حسین کے اعزاز میں انکی ریٹائرمنٹ کے سلسلہ میں ضلعی عدلیہ مظفرآباد ڈویژن کی جانب سے افطار ڈنر / تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر ہائیکورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ، ججز ہائیکورٹ جسٹس میاں عارف حسین، جسٹس سردار محمد اعجاز خان، جسٹس شاہد بہار، جسٹس خالد رشید چوہدری،رجسٹرار ہائیکورٹ، سیکرٹری قانون، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ضلع قاضی صاحبان، ایڈیشنل ضلع قاضی صاحبان، جج احتساب کورٹ، جج ریفرنس کورٹ، ضلعی عدلیہ کے ججز اور قاضی صاحبان نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس ہائیکورٹ صداقت حسین راجہ نے کہا کہ ریٹائرمنٹ سروس کا حصہ ہے، کامیاب سروس کی تکمیل پرجسٹس میاں عارف حسین کو مبارکباد دیتا ہوں۔

جسٹس میاں عارف حسین کا کیرئیر سب کیلئے بہترین مثال ہے۔ انہوں نے دوران سروس عدلیہ کے وقار میں اضافہ کیا اور عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

جسٹس میاں عارف حسین اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جج تعینات ہوئے۔ مجھے انکے بطور جج انتخاب پر فخر ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں، عدالتی فیصلوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔

تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی جسٹس میاں عارف حسین نے کہا کہ اللہ کے خاص کرم کیوجہ سے اس مقام تک پہنچا۔ میں نے فیکٹری میں کام کیا اور اس دوران تعلیم حاصل کی، لگن اور تڑپ کے ساتھ آگے بڑھتا رہا اور ہائیکورٹ کے جج بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ ضلعی عدلیہ کا تقریب کے انعقاد پر شکرگزار ہوں۔

جج ہائیکورٹ جسٹس خالد رشید چوہدری نے کہا کہ جسٹس میاں عارف حسین نے بطور ڈسٹرکٹ جج اور بطور ہائیکورٹ کے جج کے بہترین انداز میں خدمات سرانجام دیں۔ جسٹس میاں عارف حسین نے محنت لگن سے کام کیا اور آج اعزاز کے ساتھ ریٹائر ہورہے ہیں جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ضلع قاضی مظفرآباد محفوظ احمد نے کہا کہ میاں عارف حسین نے محنت دیانت اور لیاقت سے یہ مقام پایا اور محنت لگن اور جانشفانی سے فرائض سرانجام دیے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے شکرگزار ہیں جنہوں نے آج کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے ضلعی عدلیہ کی جانب سے جسٹس میاں عارف حسین کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد غضنفر خان نے سرانجام دیئے۔

Scroll to Top