محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے ریاست بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی مرحلہ وار بحالی کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس رات12 بجتے ہی بحال ہو گئی ہے۔ آزادکشمیر کے ضلع نیلم اور جہلم ویلی میں 3جی اور فورجی سروس بحال کی گئی ہے جبکہ باقی اضلاع میں ڈی ایس سروس بحال ہوگئی،راولاکوٹ سدھنوتی میں انٹرنیٹ بحال نہیں ہوگا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں مختلف اضلاع اور علاقوں کے لیے انٹرنیٹ سروسز کی الگ الگ تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر کا2 روز میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا اعلان
نوٹیفکیشن کے مطابق اپر نیلم اور لوئر نیلم میں ڈی ایس ایل اور3جی اور فور جی سروسز بحال کی جائیں گی۔ مظفرآباد میں ڈی ایس ایل سروس صرف تعلیمی اداروں، اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے لیے دستیاب ہوگی۔
جہلم ویلی میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے ڈی ایس ایل جبکہ لیپا ویلی میں ڈی ایس ایل اور 3جی اور فور جی سروسز بحال کی جائیں گی۔
راولاکوٹ اور سدھنوتی میں فی الحال انٹرنیٹ سروس دستیاب نہیں ہوگی۔
باغ میں ڈی ایس ایل سروس صرف تعلیمی اداروں اور باغ سٹی و دھیرکوٹ سٹی کی حدود میں بینکوں تک محدود ہوگی، جبکہ حویلی کہوٹہ میں ڈی ایس ایل اور3جی فور جی سروسز بحال ہوں گی۔
کوٹلی میں ڈی ایس ایل سروس تعلیمی اداروں اور ضلع بھر کے بینکوں کے لیے مخصوص ہوگی جبکہ بھمبر اور میرپور میں پورے ضلع کے لیے ڈی ایس ایل سروس بحال کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تعلیمی اداروں اور بینک برانچوں کے سربراہان کو حلف نامہ جمع کرانا ہوگا کہ فراہم کردہ ڈی ایس ایل کنکشنز کو کسی ایسی سرگرمی کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا جو امن عامہ، ریاستی مفادات یا قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: بینکوں اور اے جی آفس کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم، تنخواہوں اور پنشن کا عمل بحال
محکمہ داخلہ نے متعلقہ محکموں اور بینک انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ اداروں اور بینک برانچوں کے GPON/DSL کنکشن نمبرز اور تفصیلات فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ انٹرنیٹ سروسز کی بحالی اور ضروری حلف ناموں کی وصولی کا عمل مکمل کیا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے انٹرنیٹ سروس صارفین کے رویہ سے مشروط ہوگی ،اشتعال انگیزی پر سروس دوبارہ بند بھی کی جا سکتی ہے۔




