پاکستانی طلباء

ہارورڈ، ایم آئی ٹی اور پرنسٹن میں پاکستانی طلباء کیلئے اعلیٰ تعلیم کا سنہری مواقع

پاکستانی طلباء کیلئے امریکا کی معروف جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت نے بڑا تعلیمی پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت منتخب طلباء کو عالمی معیار کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

امریکا کی معروف جامعات سے اہم رابطے

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے دورۂ امریکا کے دوران دنیا کی معروف جامعات کے حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔

ملاقاتوں میں ایم آئی ٹی، ہارورڈ، پرنسٹن، کولمبیا اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے نمائندگان شامل تھے۔ بات چیت میں پاکستانی طلبا کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع اور تعلیمی تعاون بڑھانے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان فنڈ فار ایجوکیشن کے تحت پروگرام

حکومت پاکستان نے ’پاکستان فنڈ فار ایجوکیشن‘ کے تحت اس پروگرام کے لیے 1.5 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فنڈ کے ذریعے منتخب پاکستانی طلبا کو عالمی سطح کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

طلبا کو سالانہ 29 ہزار ڈالر تک معاونت

رپورٹ کے مطابق اسکالرشپ پروگرام کے تحت منتخب طلبا کو سالانہ 29 ہزار امریکی ڈالر تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس اقدام کا مقصد قابل اور باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم کے حصول کیلئے مواقع فراہم کرنا ہے۔

جدید شعبوں کو ترجیح دی جائے گی

اس پروگرام میں مستقبل کی ضروریات سے متعلق جدید اور اہم شعبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ ان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا سائنس، بائیوٹیکنالوجی، زراعت اور پبلک پالیسی سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔

حکومت کا مقصد ان شعبوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افرادی قوت تیار کرنا اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملکی ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہے۔

عالمی سطح پر پاکستانی نوجوانوں کیلئےمواقع

وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اب قابلیت، اہلیت اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کی بنیاد پر عالمی شراکت داری کو فروغ دے رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایراسمس منڈس اسکالرشپ:پاکستانی طلباء کا بڑا اعزاز، 135 ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا

انکا کہنا تھا کہ ایسے تعلیمی پروگرام پاکستانی طلباء کودنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کرنے اورعالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مزید مواقع فراہم کرینگے ۔