چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی صنعتی کمپلیکس پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا اہم دورہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدات کے امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں اور ملک میں مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی تیاری کے ذریعے قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی عسکری قیادت کو آگاہ کیا گیا۔
مقامی ہتھیاروں کے ٹیسٹ اور خود انحصاری کا مشاہدہ:
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے اس دورے کے دوران مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے مختلف ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ٹیسٹ اور آزمائشی مراحل کا براہِ راست مشاہدہ بھی کیا۔ اس دوران پی او ایف کی جانب سے جدت، خود انحصاری اور دفاعی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے عزم کو نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل کے شکرگزار، پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا، مریم نواز جیسی تبدیلی لائیں گے،بیرسٹر افتخار گیلانی
کارپوریٹائزیشن اور ڈیپرا آرڈیننس کے تحت اصلاحات:
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو ڈیفنس انڈسٹری پروڈکشن ریفارمز ایکٹ (ڈیپرا) آرڈیننس کے نفاذ کے بعد پی او ایف کی کارپوریٹائزیشن کے عمل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نئے صنعتی پلانٹس اور پیداواری منصوبے:
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مقامی پیداوار بڑھانے اور صنعتی استعداد میں اضافے کے لیے جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا، جن میں دو نئے صنعتی پلانٹس کی تنصیب بھی شامل ہے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ان نئے پلانٹس سے رواں سال کے اختتام تک باقاعدہ پیداوار شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔
عسکری قیادت کے عزم کا اعادہ:
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دورے کے دوران دفاعی شعبے میں خود انحصاری، مقامی پیداوار اور تکنیکی جدت کو فروغ دینے کے لیے عسکری قیادت کے پختہ عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا گیا۔





