ہونڈا کی پرکشش آفر،استعمال شدہ موٹرسائیکل لاو، نئی گھر لے جائو

ایٹلس ہونڈا نے ملک بھر میں موٹر سائیکل کے شوقین افراد کیلئے ایک نئی اور پرکشش ایکسچینج اسکیم متعارف کرائی ہے

جس کے تحت پرانی ہونڈا سی ڈی 70 کے مالکان اپنی استعمال شدہ موٹر سائیکل دے کر نئی ہونڈا سی ڈی 70 حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ آفر ان صارفین کے لیے تیار کی گئی ہے جو بار بار میکینک کے چکروں، خراب فیول ایوریج یا پرانی گاڑی کی پریشانیوں سے تنگ آ چکے ہیں اور ایک ساتھ پوری رقم ادا کیے بغیر نئی موٹر سائیکل خریدنا چاہتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان : ہنڈا سی ڈی 70 اور ڈریم کی نئی قیمتیں جاری

اس طریقہ کار کے تحت صارفین کو اپنی پرانی ہونڈا سی ڈی 70 موٹر سائیکل کمپنی کے مجاز ’تھری ایس‘ ڈیلرشپ سینٹر پر لانی ہوگی۔ وہاں موجود ٹیکنیکل ٹیم موٹر سائیکل کے انجن، فریم اور مجموعی حالت کا تفصیلی معائنہ کر کے اس کی مناسب مارکیٹ قیمت لگائے گی۔

اس کے بعد پرانی موٹر سائیکل کی طے شدہ قیمت کو نئی سی ڈی 70 کی آفیشل قیمت سے مائنس کر دیا جائے گا، اور صارف کو صرف بقایا رقم ہی ادا کرنا ہوگی۔

پاکستان میں ہونڈا سی ڈی 70 کی موجودہ قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 900 روپے ہے۔

کمپنی نے اس بات کی وضاحت کی ہے کہ پرانی موٹر سائیکل کی کوئی ایک مخصوص یا فکسڈ قیمت مقرر نہیں کی گئی ہے۔ گاڑی کی حتمی قیمت کا انحصار اس کے ماڈل، مکینیکل صورتحال اور ظاہری حالت پر ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہنڈا سی بی 125ایف خریدنے کے خواہشمند صارفین کیلئےایک نیا فنانسنگ پلان متعارف

آٹو موبائل ماہرین کے مطابق اگرچہ اوپن مارکیٹ میں طویل بارگیننگ کے بعد شاید پرانی گاڑی کی قیمت کچھ بہتر مل جائے، لیکن ڈیلرشپ کا یہ ایکسچینج پروگرام ادائیگی کے خطرات، وقت کے ضیاع اور کاغذات کی الجھنوں سے بچا کر ایک محفوظ، رسمی اور فوری راستہ فراہم کرتا ہے۔

پرانی موٹر سائیکل کے بدلے نئی سی ڈی 70 حاصل کرنے کے خواہش مند افراد اپنے قریبی ایٹلس ہونڈا شو روم سے رابطہ کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔