مظفرآباد(سٹاف رپورٹر )آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جہاں قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے ان سے وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وفاقی و آزاد کشمیر کی اہم سیاسی شخصیات، وزیراعظم پاکستان کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان، سیاسی رہنماؤں، سرکاری حکام، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بیرسٹر افتخار گیلانی کی کامیابی پر ن لیگ کے کارکنوں کا جشن، اسمبلی کے باہر نعرے بازی
حلف برداری تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی بعدازاں قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق نے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار علی گیلانی کو سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے نامزد امیدوار بیرسٹر افتخار علی گیلانی 30 ووٹ حاصل کرکے آزاد جموں و کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
ان کے مدمقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سردار مختار احمد خان عباسی نے 14 ووٹ حاصل کئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17 ویں وزیراعظم منتخب
وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس دوپہر 2 بجے منعقد ہوا، تاہم انتخابی عمل کا آغاز صبح ہی ہوگیا تھا۔ کاغذات نامزدگی صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 10 بجے تک وصول کئے گئے
جبکہ جانچ پڑتال، امیدواروں کی فہرست کی آویزاں اور دیگر ضروری مراحل دوپہر 12 بجے تک مکمل کرلیے گئے تھے، جس کے بعد دوپہر دو بجے ایوان میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔




