پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون مزید وسیع ،نیا معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ طے پا گیا ہے جب کہ دونوں ملکوں نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کر دئیے ہیں۔

جمعرات کو کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزارت دفاع راولپنڈی میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ کویت کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی وفد میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدہ ،سعودی ولی عہد پاکستان کیساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں،وزیراعظم

اس موقع پر پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعلقات اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

بعد ازاں پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کیے گئے جب کہ نئے معاہدے سے پاکستان اور کویت کے موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت ملے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پروٹوکول ایگریمنٹ 2026، دفاعی تعاون کے معاہدے 2023 کے تحت قائم فریم ورک کا تسلسل ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔

پاکستان کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے میں بھی معاونت کرے گا جب کہ سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون باہمی طور پر طے شدہ شعبوں تک مزید وسیع کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں۔

پاکستان اور کویت نے باہمی سلامتی، علاقائی امن و استحکام کے لیے اپنی دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب کویت کے وزیرِ دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: مکہ دفاعی معاہدہ : پاکستان کی اسٹریٹجک، سفارتی کامیابی،امریکی جریدے کا اعتراف

آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریان بھی وفد کے ہمراہ تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے ادارہ جاتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا، کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ اور آپریشنل مہارت اور خدمات کو سراہا۔

یہ ملاقات تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط، پائیدار اور باہمی دفاعی شراکت داری کو مستحکم کرنے میں معاون ہوگی اور اس سے علاقائی سلامتی اور استحکام کو فروغ ملے گا۔