موریطانیہ کے سابق وزیر خارجہ اسماعیل ولد الشیخ او آئی سی کے نئے سیکرٹری جنرل منتخب

اسلامی کانفرنس تنظیم ( او آئی سی) کے جدہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس میں موریطانیہ کے سابق وزیر خارجہ اسماعیل ولد الشیخ کو اتفاق رائے سے او آئی سی کا نیا سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا گیا۔

اسماعیل ولد الشیخ نے اپنے خطاب میں کہا ’او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر میرا انتخاب کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ تین دہائیوں سے بین الاقوامی علاقائی اور قومی خدمات کے بعد مجھے یہ سب سے بڑا اعزاز ملا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:او آئی سی اجلاس : ترک صدر سے اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

اسماعیل ولد الشیخ چاڈ سے تعلق رکھنے والے موجودہ سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طلہ کی جگہ لیں گے جنہوں نے نومبر 2021 میں عہدہ سنبھالا تھا۔ ان کی پانچ سالہ مدت نومبر 2026 میں ختم ہو رہی ہے۔

اس سے قبل افریقی یونین نے موریطانیہ کے سابق وزیر خارجہ اسماعیل ولد الشیخ کی نامزدگی کی توثیق کی تھی۔

او آئی سی میں پاکستان کے سفیر فواد شیر نے سبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طہ کی لگن، پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور امت مسلمہ کے لیے ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔

فواد شیر نے نو منتخب سیکرٹری جنرل کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کا خیر مقدم کیا اور یقین دلایا کہ پاکستان ان کی ذمہ داریوں کی کامیاب ادائیگی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

او آئی سی میں سیکرٹری جنرل کا کردار سفارتی نمائندگی تک محدود نہیں، اسلامی سربراہی اجلاس، وزارئے خارجہ اجلاسوں کی قرار دادوں پر عملدرآمد کی نگرانی کرنا بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم خاتون کا حجاب اتارنے کی کوشش پر او آئی سی نوٹس لے ، راجہ فاروق حیدر

اسماعیل ولد الشیخ نے فرانس کی یونیورسٹی آف مونٹ پیلیئر سے معاشیات میں ڈگری حاصل کی۔ برطانیہ کی مانچسٹر یونیورسٹی سے انسانی وسائل کی ترقی میں ماسٹر کیا۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف میں کئی عہدوں پر فائز رہے جبکہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی بھی رہ چکے ہیں۔