مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) نومنتخب سپیکر قانون ساز اسمبلی آزادجموں وکشمیر چوہدری طارق فاروق نے منصب سنبھالنے کے بعد قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کی ۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئےسپیکر چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ اس نے اس منصب کیلئے منتخب کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا دور حکومت ختم، شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام
مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ، مریم نواز شریف ، شاہ غلام قادر ، راجہ محمد فاروق حیدرخان سمیت تمام ساتھیوں کا ممنون ہوں کہ انہوں نے مجھے اس منصب کے قابل سمجھا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوری عمل میں شرکت کرتے ہوئے جمہوری روایت قائم کی۔چوہدری قاسم مجید اور عامر عبدالغفارلون کا بھی ممنون ہوں جمہوری عمل میں احسن طریقے سے شرکت کی۔
اپنے حلقے کے لوگوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نےپانچویں مرتبہ مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے مجھے اسمبلی تک پہنچایا۔سپیکر کے منصب پر بڑی قدآور شخصیات فائز رہیں ۔
مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان، سردار سکندر حیات خان ، بیرسٹرسلطان محمود ، خان بہادر خان ، میاں غلام رسول ، راجہ محمد فاروق حیدر خان شاہ غلام قادر سمیت دیگر سے سیکھنے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہاکہ میری جماعت نے مجھے اس منصب پر بیٹھنے کا موقع فراہم کیا ، آئین و قانون کے مطابق ایوان میں ممبران اسمبلی کو اپنے حلقے کی نمائندگی کا پورا موقع ملے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیر کا انتخاب،حلف برداری تقریب کا شیڈول جاری
امید ہے کہ جلد ہی ایوان مکمل ہوگا۔انہوں نے کہاکہ چوہدری لطیف اکبر کا ممنون ہوں، بحیثیت فرد اور بطور پارلیمنٹرین انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
اس ایوان کے بارے میں جو خدشات اور توقعات ہیں سب کو ایک بہتر عمل کے ذریعے ٹھیک کیا جاسکتا ہے اگر ہم اپنا کام ٹھیک کریں تو کوئی ہمارے کام میں مداخلت نہیں کر سکتا۔
سپیکر اسمبلی نے کہاکہ جن اراکین کو آج وقت نہیں مل سکا ان سے معذرت چاہتا ہوں۔اپوزیشن زیادہ قابل احترام ہے، حکومت کو بھی جوابدہی کے عمل سے گزرنا چاہیے، جو پراسس ہے وہ مکمل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سے توقع کرتا ہوں کہ وہ جوابدہی کے عمل سے گزریں گے۔ سپیکر کا عہدہ ایک امانت ہے جب پارٹی یا ایوان چاہے واپس لے سکتے ہیں۔
چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ ہم نے جدید نظام سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کرنا ہے تب جا کرعصر حاضرکا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
سب ممبران باصلاحیت اور ڈلیور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں امید ہے کہ عوام کی سوچ و فکر کے مطابق بھلائی کی بات ہوگی ۔
سپیکر چوہدری طارق فاروق نے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 27 اگست کو دن 12:30بجے تک ملتوی کر دیا۔




