مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا ایک اہم اجلاس مظفرآباد کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوا۔
صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی زیرِ صدارت اجلاس میں مخصوص نشستوں کے انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی حکمتِ عملی اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کپواڑہ ، لولاب ،اور کیرن سیکٹر فوجی چھاونی میں تبدیل، بستیاں خالی کروالیں
اجلاس میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما انوشہ رحمان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں، انتخابی حکمتِ عملی اور آئندہ حکومت سازی کے حوالے سے پارٹی پوزیشن پر مشاورت کی گئی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے اتوار ہی کو رائے ونڈ میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس کی صدارت مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کی، جبکہ وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا پر دوستی محبت میں تبدیل، امریکی خاتون نے پاکستانی نوجوان سے نکاح کرلیا
ذرائع کے مطابق رائے ونڈ اجلاس میں آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت کی تشکیل، وزیراعظم کے انتخاب اور اہم حکومتی عہدوں کیلئے ممکنہ امیدواروں کے ناموں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ تاہم حتمی ناموں کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
مسلم لیگ (ن) کے حلقوں میں توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ مخصوص نشستوں کے انتخابات کے بعد پیر کی شام تک آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم اور دیگر اہم حکومتی عہدوں کے لیے نامزدگیوں سے متعلق پارٹی کی جانب سے حتمی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔
آزاد کشمیر میں حالیہ عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور مخصوص نشستوں کا انتخاب نئی قانون ساز اسمبلی میں جماعتوں کی حتمی پارلیمانی پوزیشن کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گا۔




