چوہدری عبدالرحمن آرائیں اوورسیز نشست پر منتخب،نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) اوورسیز نشست پر چوہدری عبدالرحمن آرائیں بلامقابلہ رکن اسمبلی منتخب، الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی اوورسیز کشمیریوں کیلئے مختص نشست پر چوہدری عبدالرحمان آرائیں بلامقابلہ رکن اسمبلی منتخب ہوگئے، الیکشن کمیشن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شاہین کوثر ڈار کو مخصوص نشست نہ ملنے پر پیپلزپارٹی میں پھوٹ،احتجاج کا اعلان

یوں آٹھ مخصوص نشستوں میں سے ایک پر انتخابی عمل مکمل ہوگیا جبکہ مسلم لیگ نون کے ارکان کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی۔نو منتخب رکن اسمبلی چوہدری عبدالرحمن آرائیں کا تعلق کوٹلی شہر سے ہے۔

نو منتخب اوورسیز چوہدری عبدالرحمن زمانۂ طالبعلمی سے ہی سیاست میں متحرک رہے اور مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

مجاہدِ اول سردار عبدالقیوم خان، سالارِ جمہوریت سردار سکندر حیات خان اور ملک مامن نواز کی قیادت میں جماعتی سرگرمیوں اور تنظیم سازی میں فعال کردار ادا کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر کونسل کے چار منتخب ارکان کی مدت مکمل ہونے کے قریب، ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے کارکن متحرک

2003ء میں برطانیہ منتقل ہونے کے بعد کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ مسئلۂ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مسلم لیگ نون کی سیاسی سرگرمیوں کو برطانیہ میں منظم و مضبوط بنانے میں کردار ادا کرتے رہے۔

2010ء میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ نون کے قیام کے وقت جماعت میں شامل ہوئے اور بعد ازاں مسلم لیگ نون برطانیہ میں سینئر نائب صدر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔

موجودہ طور پر وہ مسلم لیگ نون برطانیہ کے صدر کی حیثیت سے بھی جماعتی سرگرمیوں میں متحرک ہیں۔چوہدری عبدالرحمن آرائیں کی اسمبلی میں آمد سے اوورسیز کشمیریوں کی آواز کو قانون ساز ایوان میں مؤثر نمائندگی ملنے کی توقع ہے۔