میرپور : کے ایف سی فوڈ چین آؤٹ لیٹ سیل ہونے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا

میرپور : آزاد جموں و کشمیر ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ (IRD) نے میرپور میں کے ایف سی فوڈ چین کے مقامی آؤٹ لیٹ کو جرمانہ عائد کرنے اور آئندہ خلاف ورزی نہ کرنے کے حلف نامے کی روشنی میں منگل کے روز ڈی سیل کر دیا۔

IRD کے ترجمان کے مطابق کے ایف سی میرپور کا آؤٹ لیٹ پیر کی رات ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی اعلیٰ سطحی موبائل اسکواڈ نے ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کی سربراہی میں اچانک چھاپے کے دوران سیل کر دیا تھا۔ یہ کاروائی سیلز ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں عمل میں لائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ فروری 2025 سے آزاد جموں و کشمیر میں ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے پی او ایس انوائسنگ سسٹم نافذ کیا ہے، جس کا مقصد سرکاری محصولات کا تحفظ اور مشہور برانڈز، فوڈ چینز اور دیگر ٹئیر-ون ریٹیلرز میں ڈیجیٹل شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔ ترجمان ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اب تک آزاد کشمیر میں 25 مشہور ملبوسات اور جوتوں کے برانڈز سمیت 55 کاروباری آؤٹ لیٹس کو اے جے کے پی او ایس انوائسنگ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جا چکا ہے۔

ترجمان کے مطابق مذکورہ کاروباری ادارہ آزاد جموں و کشمیر پی او ایس انوائسنگ سسٹم کے ساتھ منسلک ہونے کے باوجود آف لائن انوائسز جاری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ ان انوائسز پر مطلوبہ اے جے کے پی او ایس لوگوقابل تصدیق کیو آر کوڈ اور آزاد جموں و کشمیر ان لینڈ ریونیو انوائس نمبر درج نہیں تھا جس کا مقصد جائز سیلز ٹیکس کی ادائیگی سے بچنا تھا۔

Scroll to Top