اسلام آباد : حکومت نے نئے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی رجسٹریشن پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت اب کوئی نیا میڈیکل یا ڈینٹل کالج رجسٹر نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 جنوری کے بعد موصول ہونے والی رجسٹریشن درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گاالبتہ 5 جنوری سے پہلے جمع کرائی گئی 13 درخواستوں کو زیر غور لایا جائے گا۔
مزید اطلاعات کے مطابق میڈیکل کالجز میں فیکلٹی کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں اس وقت میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی تعداد 187 ہے جن میں سے 121 نجی جبکہ 66 سرکاری ادارے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میرپور : کے ایف سی فوڈ چین آؤٹ لیٹ سیل ہونے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ایم ڈی سی نے مبینہ طور پر نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی جانب سے اضافی فیسوں کی وصولی پر بھی پابندی عائد کر دی تھی اور ذرائع کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں نجی میڈیکل کالجز 15 ملین روپے سے زائد کی فیسیں وصول کر چکے ہیں۔




