پاسپورٹ

8 پاسپورٹ دفاتر رات 12 بجے تک کھلے رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاسپورٹ بنوانے اور تجدید کرانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے حکومت نے اہم سہولت کا اعلان کردیا ہے۔ ملک کے 8 بڑے علاقائی پاسپورٹ دفاتر کے اوقات کار میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں ڈبل شفٹ میں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

8 بڑے پاسپورٹ دفاتر میں ڈبل شفٹ شروع

حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملک کے 8 بڑے علاقائی پاسپورٹ دفاتر اب پیر سے جمعہ تک دو شفٹوں میں کام کریں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو پاسپورٹ سے متعلق خدمات کیلئےاضافی وقت فراہم کرنا ہے۔

پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک

نوٹیفکیشن کے مطابق پاسپورٹ دفاتر کی پہلی شفٹ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ اس دوران شہری معمول کے مطابق پاسپورٹ سے متعلق مختلف خدمات حاصل کرسکیں گے۔

دوسری شفٹ رات 12 بجے تک جاری رہے گی

دوسری شفٹ شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک ہوگی۔ یوں شہریوں کو پاسپورٹ دفاتر میں خدمات حاصل کرنےکیلئے معمول کے دفتری اوقات کے بعد بھی 8 گھنٹے اضافی دستیاب ہوں گے۔

ڈبل شفٹ پالیسی 20 اگست سے نافذ

حکام کے مطابق پاسپورٹ دفاتر میں ڈبل شفٹ پالیسی کا باقاعدہ اطلاق 20 اگست 2026 سے کردیا گیا ہے۔ یہ انتظام پیر سے جمعہ تک جاری رہے گا۔

شہریوں کو کیا فائدہ ہوگا؟

اوقات کار میں اضافے سے بالخصوص ملازمت پیشہ افراد اور وہ شہری فائدہ اٹھا سکیں گے جو دن کے معمول کے دفتری اوقات میں پاسپورٹ دفتر نہیں جاسکتے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حج 2027ء کی رجسٹریشن جاری، خواہشمند افراد کو فوری پاسپورٹ بنوانے کی ہدایت

حکومت کا کہنا ہے کہ اضافی اوقات میں خدمات کی فراہمی سے شہریوں کو سہولت ملے گی اور پاسپورٹ دفاتر میں رش کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔