مہنگائی کے ستائے عوام، بازاروں میں عید کی خریداری بس ایک خواب

مظفرآباد:عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی دیگر شہروں کی طرح مظفرآباد میں بھی بازاروں کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں مگر بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی خوشیوں کو مانند کر دیا ہے۔ شہری خریداری کے بجائے صرف دکانوں کے اندر جھانک کر قیمتیں دیکھنے اور واپس لوٹنے پر مجبور ہیں جبکہ دکاندار مہنگائی کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں کمی پر شدید پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال خریداری نہایت کم ہے۔ ایک دکاندار نے بتایا، “کروڑوں کا مال آیا ہوا ہے، ہم نے ہر طرح کی ورائٹی رکھی ہے، ہمارے پاس زیادہ تر فیملیز اور شادی والے گھرانے خریداری کے لیے آتے ہیں مگر قیمتیں سن کر خالی ہاتھ لوٹ جاتے ہیں۔” ایک اور دکاندار نے صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “یہاں تو حالات بہت خراب ہیں، حکومت کو چاہیے کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دے خالی خولی عید کی خوشی تو نہین منائی جاتی نا۔”

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ:اخروٹ کے درخت پراسرار بیماری کی زد میں! کسان بے بسی کا شکار

دوسری جانب عوام بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ایک شہری نے شکوہ کرتے ہوئے کہا، “رمضان کے بعد دو تین ماہ کی اسکول فیسیں دینی ہوتی ہیں بچے چھٹیوں میں اسکول نہیں جاتے مگر ہم بھاری فیسیں ادا کر رہے ہیں۔ اوپر سے رمضان کی مہنگائی پھر عید کی خریداری کا بوجھ، ان سب اخراجات کے باعث لوگ خریداری کے قابل ہی نہیں رہے۔”

تاجروں اور عوام دونوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکے اور بازاروں کی رونقیں صرف دیکھنے تک محدود نہ رہیں۔

Scroll to Top