عمران خان کی اسپتال منتقلی فیصلے کے خلاف حکومتی درخواست پر سپریم کورٹ کا اعتراض، درخواست واپس

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر کی جانے والی نظرثانی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے اسے واپس کر دیا ہے۔

پیپر بکس مکمل نہ ہونے کا اعتراض:

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے حکومتی نظرثانی درخواست پر اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے دفتری کارروائی کے لیے واپس بھیجا۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ دائر کی گئی نظرثانی درخواست کے ساتھ لازمی پیپر بکس مکمل نہیں تھیں۔ سکیورٹی و قانونی ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹرار کے اعتراضات دور کیے جانے کے بعد یہ نظرثانی درخواست دوبارہ دائر کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

حکومتی اپیل کا پس منظر:

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دو روز قبل عمران خان کو علاج معالجے کی غرض سے اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم جاری کیا تھا، تاہم انہیں ابھی تک اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔

اس فیصلے کے بعد چیف کمشنر اسلام آباد نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی، جسے فی الوقت انتظامی اعتراض کے باعث واپس بھیج دیا گیا ہے۔