گڈزٹرانسپورٹرز

گڈزٹرانسپورٹرز کے 8 میں سے 6 مطالبات تسلیم، ملک گیر ہڑتال 40 روز کیلئے مؤخر کرنے کا اعلان

گورنر سندھ نہال ہاشمی اور سندھ حکومت کے نمائندوں سے مذاکرات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کیلئے مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔

گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے رہنما ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مفاد ہمارے لیے مقدم ہے، ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال 9 روز سے جاری تھی اور اس دوران گڈز ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام رہا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان بیشتر مطالبات پر اتفاق، گورنر ہاؤس میں معاہدے پر دستخط کا انتظار

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے متعدد شکایات تھیں، تاہم وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے رابطہ کرکے مذاکرات کیے۔ ہمارا مؤقف تھا کہ جب تک مطالبات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا، ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔

ٹرانسپورٹرز کے 8 میں سے 6 مطالبات منظور

ملک شہزاد اعوان کے مطابق ٹرانسپورٹرز کے 8 میں سے 6 مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں جبکہ باقی 2 مطالبات پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ٹول ٹیکس کے معاملے پر بھی وفاقی وزیر مواصلات علیم خان نے کمیٹی قائم کردی ہے۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کیلئے 15 دن کی مہلت

ٹرانسپورٹرز رہنما نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر وفاقی حکومت نے 15 دن کا وقت مانگا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں بھی وعدے اور یقین دہانیاں کی گئی تھیں، تاہم ان پر عمل نہیں ہوا، اسی لیے اس مرتبہ بھی مطالبات کی تکمیل پر نظر رکھی جائے گی۔

مطالبات پر عمل نہ ہوا تو دوبارہ احتجاج کا اعلان

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو ہڑتال کا شوق نہیں بلکہ مجبوری میں احتجاج کرنا پڑا۔ اگر حکومت نے طے شدہ معاملات پر عمل درآمد نہ کیا تو احتجاج کرنا ان کا قانونی حق ہوگا۔ انہوں نے ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز سے ہڑتال ختم کرکے معمول کا کام شروع کرنے کی اپیل کی۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی کا مؤقف

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فریقین نے ایک دوسرے کا مؤقف سمجھا اور بات چیت کے دوران اتفاق رائے پیدا ہوا۔ ان کے مطابق مذاکرات میں سعید غنی سمیت دیگر حکومتی نمائندے بھی موجود تھے، جبکہ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب اپنی پرواز کے باعث روانہ ہوگئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گڈز ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات آج ہوں گے

نہال ہاشمی نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوششیں کررہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف ملک کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن کے حوالے سے مکہ میں ہونیوالے دفاعی معاہدے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہا۔