14 اگست جشنِ آزادی: نیلم میں شایانِ شان تقریبات کی تیاری، ڈپٹی کمشنر اقبال حسن کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس

ڈپٹی کمشنر چوہدری اقبال حسن کی زیرِ صدارت ضلعی افسران کا ایک انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس کے دوران یومِ پاکستان اور 14 اگست جشنِ آزادی کی تقریبات کی تیاریوں، سکیورٹی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کمانڈنگ آفیسران راجہ وقاص اور عابد علی، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر آٹھمقام چوہدری محمد بشارت، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر نیلم عاصم ندیم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں شیماء میر، ایم ایس ڈاکٹر محاذ خطیب، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر مردانہ سردار تبسم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صحت عامہ سید مبشر گیلانی اور ایس ڈی او محکمہ برقیات سید بلاول سمیت دیگر متعلقہ شعبہ جات و اداروں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔

جشنِ آزادی کے انتظامات اور سکیورٹی کا جائزہ:

اجلاس کے دوران 14 اگست کے حوالے سے مختلف تقریبات کے انعقاد، عمومی انتظامات، سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک کی روانگی اور دیگر ضروری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری اقبال حسن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست یومِ آزادی پاکستان کی تمام تقریبات کو شایانِ شان اور پروقار طریقے سے منعقد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اقلیتی دن پر صدر مملکت اور وزیراعظم کا اہم پیغام: اقلیتی برادریوں کی خدمات کو زبردست خراج تحسین

انہوں نے اعلان کیا کہ مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس آٹھمقام میں صبح 8:58 بجے شروع ہوگی۔ جہاں پرچم کشائی کی رسم ادا کی جائے گی اور اس کے بعد پولیس اور سکاؤٹس کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے۔ اس تقریب میں اہم سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ طلباء و طالبات اور اہم مقررین خطابات کریں گے۔

کیرن میں دوسری بڑی تقریب اور آتش بازی کا مظاہرہ:

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 14 اگست یومِ پاکستان کی دوسری بڑی تقریب یادگارِ شہدا کیرن کے مقام پر منعقد کی جائے گی۔ اس مقام پر پرچم کشائی کے بعد طلباء و طالبات ملی نغمے اور مختلف رنگا رنگ پروگرام پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں، کیرن کے مقام پر رات کو آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ضلع بھر میں مختلف اہم مقامات، سکولوں اور کالجوں میں بھی کی سطح پر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ 14 اگست کی یہ تمام تقریبات چلہانہ، آٹھمقام اور کیرن سمیت تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز میں شایانِ شان انداز میں منائی جائیں گی۔

افسران کو فول پروف سکیورٹی اور بہترین انتظامات کی ہدایات:

ڈپٹی کمشنر چوہدری اقبال حسن نے تمام متعلقہ افسران کو سخت ہدایت کی کہ تمام تقریبات کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔ اجلاس کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ جشنِ آزادی پاکستان ہمارا قومی تہوار ہے، جسے پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ تمام پروگرامز کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں سیاحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں سیاحت بحال کر دی گئی ہے۔ تمام سرکاری و انتظامی ادارے سیاحت کے فروغ کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ اہلیانِ نیلم اس بحالی اور سیاحتی سرگرمیوں سے مکمل طور پر مستفید ہو سکیں۔