فیصل راٹھور

وزیراعظم آزادکشمیر کے حلقہ میں دھاندلی الزامات پر حالات کشیدہ، سڑکیں بلاک، لیگی کارکنوں کا دھرنا

آزادکشمیر کے حلقہ ایل اے17حویلی میں مسلم لیگ(ن) کی جانب سے پیپلزپارٹی کے امیدوار،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور پر انتخابی نتائج میں ردوبدل کا الزام لگا دیا گیا ہے اوردوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرنے پر حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔

صحافی افضل بٹ کی سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں نے آر او آفس کے باہر گھیرائو کرکے دھرنا دیدیا ہے اور حویلی کی سڑکیں بلاک کردی گئی ہیں

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات، پی پی کے فیصل راٹھور، ضیاء قمر کامیاب،ن لیگ کےمیر اکبر کو برتری، سردار عتیق کو شکست

ن لیگی امیدوار محسن عزیز کا کہنا ہے کہ جب تک دوبارہ گنتی نہیں ہوتی اور مینڈیٹ واپس نہیں ہوتا احتجاج جاری رکھیں گے اور کسی صورت اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ذرائع کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں کارکن آر او آفس کے باہر موجود ہیں جبکہ خواتین بھی دھرنا میں پہنچ گئی ہیں۔

قبل ازیں چودھری محسن عزیز نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیشکش کی تھی کہ حلقہ میں ری کائونٹنگ کرائی جائے، میں بھاری اکثریت سے نہ جیتا تو سیاست چھوڑ دونگا۔

چودھری محسن عزیز نے وزیراعظم فیصل راٹھور کی کامیابی کے بعد جاری بیان میں کہا کہ فارم 27 والا وزیر اعظم اپنی شکست کو فتح میں بدل رہا ہے مگر ہمارے پاس تمام پولنگ اسٹیشنز کے پریزئیڈنگ آفیسرز کے نتائج موجود ہیں جس میں ہم 8600 کی واضح برتری سے جیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس موجود نتائج اور آر او کے پاس موجود نتائج میں زمین آسمان کا فرق ہے، ہم نے آر او کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی مگر مسترد کردی گئی۔

ہم آر او کی جانبداری نے حویلی کا پرامن ماحول تباہ کردیا ،مینڈیٹ پر ڈاکہ مارنے کی اجازت نہیںدے سکتے ۔

وزیر اعظم سارا دن اپنے پولنگ اسٹیشنوں پر ٹھپے مارتے رہے،مسلح افراد پولنگ اسٹیشن پر اسلحہ لے کر ووٹرز کو ہراساں کرتے رہے، اس کے باوجود شکست دیکھ کر فارم 24 میں ہی ٹمپرنگ کرکے رزلٹ تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر چور کی داڑھی میں تنکا نہیں تو دوبارہ گنتی پر اعتراض کیسا ؟ ویسے بھی دوبارہ گنتی میرا بنیادی حق ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جعلی بیلٹ پیپرز استعمال ہوئے،ری پولنگ کرائیں گے، مشتاق منہاس

انہوں نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کو پیشکش کرتے ہیں وہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ کی ری کاونٹنگ کرالیں، اگر میں بھاری اکثریت سے نہ جیتا تو سیاست چھوڑ دونگا ۔

یہ بھی یاد رہے کہ حلقہ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری کے نتائج وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔