غزہ ،حملے دوبارہ شروع، سحری کرتے فلسطینیوں پر بمباری ،100شہید ،150زخمی

 غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ پٹی پراسرائیلی فوج کی جانب سے فضائی حملوں میں کم از کم100فلسطینی شہید اور 150 زخمی ہوگئے۔

فلسطین کی سول ایمرجنسی سروس کا کہناہے کہ غزہ میں سحری کے وقت اسرائیلی فوج نے 35 فضائی حملے کیے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق وسطی غزہ کے دیرالبلاح میں 3 گھروں کو نشانہ بنایا گیا، خان یونس اور رفح میں بھی حملے کئے گئے۔

ان حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد100ہو گئی ہے جن میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ 150 فلسطینی شہری زخمی بھی ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی رہائی سے بار بار انکار اور دی گئی تمام تجاویز کو مسترد کرنے کے بعداسرائیلی فوج کوغزہ میں حماس کےخلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ میں حماس سے تعلق رکھنے والے اہداف پر بمباری کی گئی۔ اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ حماس پر جہنم کے دروازے کھولے جائیں۔

دوسری جانب اسرائیلی حملوں پر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل یکطرفہ طور پر جنگ بندی معاہدے کو ختم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حماس نے 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دیں، درجنوں فلسطینی قیدی رہا

Scroll to Top