ارکان مقرر

حویلی کہوٹہ میں پریزائیڈنگ افسران کی گرفتاری و رہائی، کئی سوالات اٹھ گئے

ایل اے17حویلی فارورڈ کہوٹہ میں بیلٹ پیپرز پر دستخط و مہریں لگانے کے الزام میں حراست میں لئے گئے دونوں پریزائیڈنگ افسران کو سیاسی دباؤ پر بغیر مقدمہ درج کیے رہا کردیا گیا تاہم پولنگ ڈیوٹی سے ہٹا دیئے گئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے دونوں پریزائیڈنگ افسران کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست ریٹرننگ افسر کو دے دی۔

یہ بھی پڑھیں:حویلی میں ن لیگ کا بڑا پاور شو،پیپلز پارٹی نے شکست پر دھاندلی کا بیانیہ اپنایا، رانا ثنااللہ

ذرائع کے مطابق ممتاز آباد کے پولنگ اسٹیشن نمبر 160 گرلز مڈل اسکول دھڑک خاص اور پولنگ اسٹیشن نمبر 153 بوائز پرائمری اسکول شی بن پر تعینات پریزائڈنگ افسران سید حمید بخاری اور لیاقت حسین کیانی کو پولنگ سے ایک رات قبل پولنگ میٹریل غائب کرنے اور بیلٹ پیپرز پر جعلسازی سے دستخط و مہریں لگاتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے رنگ ہاتھوں حراست میں لیا تھا۔

دونوں پریزائیڈنگ افسران کو انکے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز سے ہٹا کر دو نئے پریزائیڈنگ افسران تعینات کر دئیے گئے ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پریزائیڈنگ افسران وزیراعظم فیصل راٹھورکے معتمد خاص ہیں اورمحکمہ تعلیم میں بطور اے ای او فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پریزائیڈنگ افسران وزیراعظم فیصل راٹھور کے سیاسی جلسہ میں شرکت کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ الیکشن کے پہلے مرحلہ میں کوٹلی میں پریزائیڈنگ افسران پکڑے گئے تھے اور ان کیخلاف مقدمہ بھی درج ہوا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ ایل اے 17حویلی انتہائی حساس حلقہ ہے جہاں راٹھور اور گوجر برادری کے مابین پہلے بھی تصادم ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مخالفین نے الیکشن سے قبل شکست تسلیم کرلی،فیصل ممتاز راٹھور

2016کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چوہدری محمد عزیز مرحوم کوانتخابی مہم کے دوران گولیاں لگی تھیں جس سے وہ زخمی ہوئے تھے۔

اب چوہدری محمد عزیز مرحوم کے فرزند چوہدری محسن عزیز اور وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہے ، وزیراعظم فیصل راٹھور کو پی پی کے ہی رہنما خواجہ طارق سعید بھی بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں۔