وادی لیپہ(رپورٹ /سید جی ایم بخاری )کستوری ہرن (Musk Deer) دنیا کے ان منفرد جانوروں میں شامل ہے جو اپنی مخصوص خوشبو کی وجہ سے مشہور ہیں۔
اس ہرن کی ایک خاصیت اس کے پیٹ کے قریب موجود کستوری کی تھیلی ہے جس سے ایک قیمتی خوشبو دار مادہ نکلتا ہے جو صدیوں سے عطر سازی اور طب میں استعمال ہوتا آ رہا ہے۔
وادی لیپہ جو اپنی قدرتی خوبصورتی اور گھنے جنگلات کے لئے مشہور ہے کبھی اس نایاب ہرن کی جنت ہوا کرتی تھی۔
لیپہ کے جنگلات میں یہ ہرن بڑی تعداد میں پائے جاتے تھے اور ان کا آزادانہ گھومنا ایک عام منظر تھاتاہم وقت کے ساتھ ساتھ غیر قانونی شکار اور انسانی مداخلت نے ان کی آبادی کو شدید نقصان پہنچایا۔
کستوری ہرن کو اس کی قیمتی کستوری کیلئے بے دردی سے شکار کیا گیا جس کی مانگ بین الاقوامی مارکیٹ میں بے حد زیادہ رہی ہے۔
شکاریوں نے اس معصوم جانور کو صرف چند گرام کستوری کیلئے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ نتیجتاً یہ ہرن اب وادی لیپہ کے جنگلات میں ناپید ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے۔
اگر اس خوبصورت مخلوق کو بچانے کیلئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو یہ ہمیشہ کے لیے لیپہ کے جنگلات سے غائب ہو جائے گا۔
ضروری ہے کہ حکومت اور مقامی لوگ مل کر اس کے تحفظ کے لیے کام کریں، شکار پر سختی سے پابندی عائد کی جائے اور جنگلاتی حیات کی بحالی کے منصوبے شروع کیے جائیں۔
کستوری ہرن صرف ایک جانور نہیںبلکہ وادی لیپہ کے قدرتی حسن کا ایک اہم حصہ ہے۔ اگر ہم اسے بچانے میں کامیاب رہے تو نہ صرف یہ ہرن زندہ رہے گا بلکہ ہماری آنے والی نسلیں بھی اس نایاب خزانے کا نظارہ کر سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : وادی لیپہ کا قیمتی سفید شہد حکومتی عدم توجہی کاشکار، عالمی منڈی میں جگہ نہ بناسکا