مظفرآباد تا وادی گریس اور شاردا سرگن روڈز کھل گئیں،آج تائو بٹ تک بحالی کا امکان

وادی نیلم (سردارا ورنگزیب) شدید بارش اور برف باری کے بعد محکمہ شاہرات نے سڑکوں کو بحا ل کرنا شروع کر دیا، مظفرآباد سے وادی گریس کے گائوں نکرون تک روڈ بحال کردی گئی،شاردا سے سرگن روڈ بھی بحال ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق شدید بارش اور برف باری کے بعد محکمہ شاہرات نے سڑکوں کو بحا ل کرنا شروع کر دیاہے اور پیر کی شام تک مظفرآباد سے وادی گریس کے گائوں نکرون تک روڈ ٹریفک کیلئے بحال کردی گئی ہے۔

شاردا سے سرگن روڈکو بھی برف ہٹا کر ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا جبکہ کیل سے شونٹھر ویلی روڈ بند ہے، چلہانہ سے تائوبٹ تک مختلف مقامات پر لینڈ سلایڈنگ و گلیشرگرنے سےسڑک بند تھی۔

محکمہ شاہرات کا آپریشن جاری رہا تو آج منگل کی شام تک تائوبٹ تک روڈ بحال ہونے کاامکان ہے، تحصیل ہیڈ کوارٹر شاردا سے سرگن ویلی روڈ بھی آج ٹریفک کیلئے بحال ہونے کا امکان ہے۔

پی ڈبلیو ڈی کے اہلکار شدید بارش اور برف باری میں بھی روڈ کو بحال کرنے میں مصروف عمل رہے ہیں، کیل سے شونٹھر روڈ مکمل بند ہے۔

Scroll to Top