مظفرآباد(شجاعت میر) نیلم پارک میں رمضان سستا بازار لگانے والے ٹھیکیداروں نے کہا ہے کہ پورے شہر سے قبضے ختم ہونے تک پارک خالی نہیں کرینگے۔
راجہ شوکت ، راجہ انصر اور راجہ فاروق نے مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے انتظامیہ اور بلدیہ کے کہنے پر ہی سستا بازار لگانے کیلئے انویسٹمنٹ کی۔
انتظامیہ کی اجازت سے ہی ہم نے سیٹ اپ بنایا جس پر مخصوص گروہ ن نے پہلے بلیک میل کرنے کی کوشش کی ، اس میں سیاسی لوگ بھی شامل ہوئے ، جب ہم بلیک میل نہ ہوئے توپروپیگنڈا شروع کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم درجہ اول کے شہری ہیں ، ہم نے لوگوں کو سہولت دینے کیلئے کروڑوں کی انویسٹمنٹ کی، نیلم پارک میں پلانٹ لگا، سروس سٹیشن لگا ، گھر بنے کسی نے احتجاج نہیں کیا، اب کہاگیا راجے آگئے، کیا ہم یہاں کے شہری نہیں ہیں۔؟
راجہ شوکت نے کہا کہ ٹاہلی منڈی سے لے کر صدر تھانہ تک بہت سے لوگ قابض ہیں، اب ہم سارے شہر سے قبضے ، تجاوزات ختم کرینگے،بدمعاشی سے ہم کبھی بھی وہاں سے نہیں اٹھیں گے، انتظامیہ وبلدیہ کو ہمارے نقصان کا ازالہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی شخصیت نے معافی نہ مانگی تو ہم بھی کوہالہ تک سڑک بند کردینگے،شہر میں تعصب نہ پھیلایا جائے،ہم سادات کا احترام کرتے ہیں، ہم فساد نہیں چاہتے،سازشیوں کو اپنی حرکتوں سے بازآنا ہوگا، یہ نیلم پارک کیوں نہیں بنا رہے، قبضہ مافیا کو کھلی چھوٹ کیوں دی گئی؟
ہم انتظامیہ کووارننگ دیتے ہیں کہ تمام قبضے چھڑوائے جائیں، صحافی ٹاہلی منڈی سے تھانہ صدر تک ہمارے ساتھ آئیں ہم تجاوزات اور قبضے دکھائیں گے، ہمارے پاس بھتہ لینے والوں کی لسٹ موجود ہے۔
ایک سوال کے جواب میں راجہ فاروق نے کہا کہ ہم نے انویسٹمنٹ کی ہے ، ہم نے 30رمضان تک ہی بازار بنایا تھا ، اب ختم نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ نیلم پارک میں رمضان سستا بازار قائم کرنے پر شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اوراسے پارک پر قبہ قرار دیا تھا جس پر بلدیہ نے اسے 30 رمضان تک کا بازار قرار دیا تھا ، اب معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔
ایک طرف شہری احتجاج کررہے ہیں جبکہ ٹھیکیداروں کا موقف ہے کہ انتظامیہ کے کہنے پر ہی ہم نے بازار لگایا ہے، ہمارے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پارک کیلئے مختص اراضی پر تعمیرات،نیلم پارک بچائو تحریک کا احتجاج کااعلان