وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کا شیڈول طے پا گیاہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کل دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہونگے، جہاں وہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
اس دورے میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی عرب جائے گا، جس میں وفاقی وزرا اور متعلقہ اعلیٰ حکام شامل ہوں گے۔
دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی تازہ ترین سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال خصوصی طور پر زیر غور آئے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے ، شہباز شریف
اس کے علاوہ امریکا اورایران کے درمیان پیدا ہونیوالی کشیدگی، اس سے وابستہ علاقائی اثرات اور امن و استحکام کیلئے جاری سفارتی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنما اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، تجارت، توانائی، افرادی قوت اور دیگر مشترکہ مفادات کے امور کا بھی جائزہ لیں گے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ذرائع نے وزیراعظم شہباز شریف کے 6 اگست کو سعودی عرب کے متوقع دورے کی اطلاع دی تھی۔
اس وقت بتایا گیا تھا کہ دورہ ایک یا دو روز پر محیط ہوگا، تاہم اب ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل شام سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں ان کی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات شیڈول کا مرکزی حصہ ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مون سون بارشیں؛ وزیراعظم شہباز شریف کا این ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کا حکم
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیساتھ ساتھ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنے کے حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے۔




