اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور قومی جیولین تھرو اسٹار ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع نہ کر پانے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلاسکو کے غیر معمولی سرد موسم اور یخ بستہ ہواؤں نے ان کی کارکردگی کو بُری طرح متاثر کیا۔
وطن واپسی پر اپنے آبائی شہر میاں چنوںمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے سب سے پہلے قوم سے معذرت کی اور کہا کہ وہ شائقین کی توقعات پر پورا نہ اترنے کا دکھ محسوس کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیل کا حصہ ہے کہ ہر کھلاڑی کے کیریئر میں اچھے اور مشکل دن آتے ہیں، تاہم ہر مقابلے میں کامیابی کے لیے بھرپور محنت اور کوشش کی جاتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کامن ویلتھ گیمز: دفاعی چیمپئن ارشد ندیم باہر، سری لنکا نے گولڈ میڈل جیت لیا
ارشد ندیم نے کہاکہ کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے دوران انہوں نے پاکستان کے گرم موسم میں بھرپور ٹریننگ کی تھی لیکن گلاسکو پہنچنے پر انہیں انتہائی سرد ماحول اور تیز ٹھنڈی ہواؤں کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کے مطابق سردی کی شدت سے جسم میں اکڑاؤ پیدا ہو گیا، جس کے باعث وہ اپنی بہترین تھرو نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی سختی نے ان کے رن اپ کو بھی متاثر کیا، جو جیولین تھرو میں بہترین کارکردگی کیلئے انتہائی اہم ہوتا ہے۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی کھلاڑی جان بوجھ کر ہارنا نہیں چاہتا اور وہ خود بھی کامیابی کیلئے پوری تیاری اور عزم کے ساتھ میدان میں اترے تھے، لیکن نتائج ہمیشہ انسان کے اختیار میں نہیں ہوتے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کامن ویلتھ گیمز، جیولن تھرو میں ارشد ندیم گولڈ میڈل کا دفاع کرنے میں ناکام
قومی ایتھلیٹ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ اپنی خامیوں پر مزید محنت کریں گے اور آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں پہلے سے بہتر کارکردگی دکھا کر قوم کو خوشیاں دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔




