فضل الرحمان سے منسلک مدارس کو تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر سی ڈی اے کےنوٹسز جاری

اسلام آباد کی کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں مولانا فضل الرحمان سے منسلک مدارس کی عمارتوں میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات اور تعمیراتی ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹسز میں واضح کیا گیا ہے کہ شہر بھر میں تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور متعلقہ انتظامیہ کو مقررہ مدت کے اندر اصلاحی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مدرسہ اختر العلوم کو نوٹس اور 15 دن کی مہلت:

سی ڈی اے نے اسلام آباد میں قائم مدرسہ اختر العلوم کو منظور شدہ نقشے کے بغیر کی جانے والی تعمیرات پر باقاعدہ نوٹس جاری کیا ہے۔ ادارے کی جانب سے مدرسہ اختر العلوم کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 روز کے اندر عمارت کا منظور شدہ نقشہ سی ڈی اے کے پاس جمع کرائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کے خلاف ریاستی کارروائی کی اپیل، سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے اور ہراسانی کا الزام

تعمیراتی ضوابط اور قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں سی ڈی اے نے متعلقہ عمارتوں کے خلاف سخت قانونی اقدامات اٹھانے کی تنبیہ کی ہے۔

عمارتیں سیل کرنے کی تنبیہ اور حتمی کارروائی:

سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ مدت کے اندر تعمیراتی قوانین کی تعمیل نہ کی گئی اور منظور شدہ نقشہ پیش نہ کیا گیا تو متعلقہ عمارتوں کو سیل کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کی جانب سے یہ اقدام دارالحکومت میں تمام عمارتوں کے لیے طے شدہ تعمیراتی ضوابط کو یقینی بنانے اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے سلسلے میں اٹھایا گیا ہے۔