قیمت

ایل پی جی قیمت میں 12.89روپے فی کلو اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)اوگرانے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں 12.89 روپے فی کلوگرام اضافہ کر دیا ہے۔

جمعہ کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اضافے کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 254.32 روپے فی کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلوگرام کے گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 152 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3,000.92 روپے ہو گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سونا فی تولہ3 ہزار روپے مہنگا ،4 لاکھ 30ہزار سے تجاوز

اوگرا نے واضح کیا کہ نظرثانی شدہ قیمتیں یکم اگست سے نافذ العمل ہوں گی اور پورا مہینہ لاگو رہیں گی۔

واضح رہے کہ اوگرا ہر ماہ کے آغاز پر بین الاقوامی قیمتوں اور ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل پی جی کی نئی قیمت کا تعین کرتا ہے۔

رواں سال جولائی کے مقابلے میں اگست کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو مسلسل کئی ماہ سے جاری بڑھوتری کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

اس سے قبل جون میں بھی اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا تھا جس کے بعد 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3,643 روپے سے زیادہ تک پہنچ گئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں قدرتی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو صارفین کا انحصار ایل پی جی پر بڑھتا جا رہا ہے، جس کے باعث قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ عام شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔

ماہرین یہ بھی نشاندہی کرتے رہے ہیں کہ کئی علاقوں میں مقامی ڈیلرز سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر ایل پی جی فروخت کرتے ہیں، جس سے سرکاری اور مارکیٹ ریٹ کے درمیان فرق برقرار رہتا ہے۔