نواز شریف کے بیان کے بعد پنجاب اور سندھ حکومت آمنے سامنے

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل آ گیا اور انہوں نے نوازشریف کے بیان کو تقسیم کا باعث قرار دیا ہے جبکہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے سندھ کے ترجمانوں کو ردعمل دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کے بیان پر ردِعمل میں کہا ہے کہ سندھ اور کشمیر کی سرزمین اور عوام کو طنز و مزاح کا موضوع نہ بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیرکے وارث آگئے،مخالفین کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں،مریم نواز

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، مگر کسی بھی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔نواز شریف نے کہا ہے تلخی نہیں ہونی چاہیے، لیکن نواز شریف کے اپنے الفاظ سیاسی تلخی اور غیر ضروری تقسیم کا باعث بن رہے ہیں۔

ادھرصوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو اپنے مفاد سے بالاتر ہو کر پورے پاکستان کی نمائندگی کا احساس ہونا چاہیے

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر وارڈ، ضلع، ڈویژن، صوبہ اور چپہ چپہ ہمارے دل کے قریب ہے۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی باہمی احترام اور قومی اتحاد میں ہے،تمام صوبوں کے عوام کو یکساں عزت دینا قومی ذمہ داری ہے، تقسیم نہیں بلکہ قومی ہم آہنگی ہی ذمہ دار قیادت کی پہچان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بیانیہ نفرت نہیں بلکہ قومی یکجہتی کو فروغ دیں، جو وقت کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کے ہر خطے کا احترام ہی قومی وحدت کی ضمانت ہے، کشمیر ہو یا کشمور، میرپور ہو یا میرپور خاص، ہر علاقہ پاکستان کا قابل فخر حصہ ہے۔

دوسری طرف وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے الفاظ کا چناؤ درست کریں اور بڑوں کی عزت کرنا سیکھیں۔ بلیک میلنگ کے مینڈیٹ کی پیداوار اب ہمیں طعنے دے رہے ہیں، اللہ کی شان ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپنے والد کی عمر کے شخص کو الٹے سیدھے منہ بنا کر ’’رائیونڈ، رائیونڈ‘‘ کے طعنے دیئے جاتے ہیں۔

جب آپ کا لیڈر کسی والد کی عمر جیسے بڑے شخص کی تضحیک کرے تو کیا وہ آپ کو تضحیک نہیں لگتی؟ آپ لوگوں نے باجماعت رائیونڈ کو مذاق بنا رکھا ہے اور ٹیڑھے منہ بنا کر اپنے سے بڑی عمر کے آدمی کی تضحیک کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اگر آپ لوگ اسی طرح زبان درازی کریں گے تو پھر اس کا جواب بھی ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی ، پیپلزپارٹی رہنما شفیق کاظمی ،طاہر نقوی،خواجہ قادر ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل

بلاول صاحب آسمان سے اترے کوئی اوتار نہیں ہیں کہ ان پر تنقید نہ کی جا سکے۔ بلاول بھٹو اپنی تقریروں میں پنجاب کے مختلف شہروں کے نام لے لے کر غلط بیانی اور جھوٹا پروپیگنڈا کرتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کہ کیا بلاول بھٹو کا یہ رویہ آپ کو مضحکہ خیز اور غیر سنجیدہ نہیں لگتا۔؟