میرپور(کشمیر ڈیجیٹل) ٹیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے چوک شہید پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،میرپور پولیس کا مظاہرین پر شدید لاٹھی چارج۔درجنوں درزی لہو لہان،7 درزی گرفتارکرلئے۔درزیوں کا کہنا ہے کہ و سرکاری ریٹ لسٹ کو نہیں مانتے ، ٹیلرایسوسی ایشن کا میرپور میں ہڑتال کا اعلان۔
ٹیلر ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ ریٹس کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے چوک شہداء کو بند کر دیا۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ ان پر غیر منصفانہ جرمانے عائد کئےجا رہے ہیں اور کئی درزیوں کو گرفتار بھی کرلیا ہے جو انتہائی غیر سنجیدہ حرکت ہے ۔
احتجاج کے دوران پولیس نے لاٹھی چارج کیا، جس سے صورتحال کشیدہ ہو گئی۔یاد رہےکہ رمضان کےآغاز میں ہی ضلعی انتظامیہ نے عید الفطر سے قبل شہر اور گردونواح کیلئے سوٹ سلائی کی ریٹ لسٹ جاری کی تھی۔ سوٹ کی سادہ سلائی 1300 روپے جبکہ ڈبل سلائی 1400 روپے اور گم سلائی 1500 روپے مقرر کی گئی تھی۔
ریٹ لسٹ کے اجراء کے بعد ضلعی مجسٹریٹس نے حکم پر عملدرآمد کیلئے شہر میں درزی کی دکانوں کا دورہ کیا اور ریٹ لسٹ کی تعمیل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔معمول کے معائنہ کے دوران متعدد درزیوں کو گرفتار کیا گیا اور کئی دکانوں کو سیل کر دیا گیا جس کے خلاف میرپور ٹیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے بڑا مظاہرہ کیا گیا۔
ٹیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سوٹ سلائی کے نرخوں میں اضافہ کیا جائے، کیونکہ ریٹ اس کی قیمت سے کم ہیں۔بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باوجود دو سال پرانا ریٹ جاری کرنا ناانصافی ہے۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ انہوں نے ٹیلرز ایسوسی ایشن کے اراکین سے مذاکرات کی کوشش کی تاہم انہوں نے انکار کر دیا اور سڑک بلاک کر دی جس سے عوام کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔
حالات مزید بگڑتے ہی پولیس نے لاٹھی چارج کا سہارا لیا اور کچھ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں مظاہرین منتشر ہو گئے اور چوک شہید کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن غلام جیلانی بھی احتجاج کی قیادت کر رہے تھے اور انہیں ضلعی انتظامیہ نے گرفتار کر لیا۔
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی میرپور نے اپنے ابتدائی بیان میں موقف اختیار کیا ہے کہ غلام جیلانی اپنی ذاتی حیثیت میں اس احتجاج میں شامل ہوئے۔جے اے سی نے مظاہرین پر پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت کی تاہم کمیٹی مشاورت کے بعد اپنا بیان جاری کرے گی۔
طوفانی برفباری،بابندی کے باوجود ریشیاں لیپہ روڈ پر ٹرانسپورٹرز لوگوں کی زندگیوں کیساتھ کھیلنے لگے