مظفرآباد میں قبضہ مافیا کا راج ، گوجرہ نالے کوبھی نہ بخشا، میئر نے ملبہ سابق انتظامیہ پر ڈال دیا

مظفر آباد( شجاعت میر)2005کےقیامت خیز زلزلے کے بعد متعلقہ محکموں نے دارالحکومت مظفرآباد کو قبضہ مافیا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ۔گوجرہ نالہ پر بھی مافیا قابض ہوگیا۔

دارالحکومت کی سڑکیں ہوں یا نالے مافیا ہی قابض ہے، 200 فٹ کے گوجرہ نالہ کومافیا نے 20فٹ تک محدود کردیا، سیلاب آنے پر بڑا سانحہ رونما ہوسکتا ہے۔

تجاوزات میونسپل کارپوریشن اور ایم ڈی اے کی ملی بھگت سے نالے کے دونوں اطراف کی گئیں،سیلاب آنے پر ہزاروں افراد متاثر ہونگے۔ میئر میونسپل کارپویشن نے معاملہ سابق انتظامیہ پر ڈال دیا۔

میئر مظفرآباد سید سکندر گیلانی نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلہ کے فوری بعد سیٹوں پربراجمان لوگوں کی نااہلی کی وجہ سے لوگ سرکاری اراضی پر قابض ہوئے اور تجاوزات بھی قائم کی گئیں جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے۔

سٹی میں ہر جگہ قبضے کئے گئے ہیں،میونسپل کارپوریشن اور ایم ڈی اے کو زلزلہ کے فوری بعد ماسٹر پلان کے بعد تعمیرات کرانا تھی لیکن اس وقت بڑی نااہلی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں گوجرہ نالہ پر قبضے کئے گئے، لوگ سوچیں تو پانی دوبارہ آیا نقصان ان کا بھی ہوگا، جانی اور مالی نقصان ہوگا۔

ہم نے نالے کے اندر تجاوزات توڑیں ، نیلم پل کی جگہ خالی کرائی تو کہا گیا کہ زیادتی ہوگئی ، بہت شور ہوا، ریڑھی اٹھانے پر اتنا شور ہواتو کسی کا گھرگرانے پر کہا جائیگا کہ لوگوں سے چھت چھین لی۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیںکسی کو تجاوزات کی اجازت نہ دیں، گوجرہ نالے پر کسی کو قبضے کی اجازت نہیں دینگے۔

یہ بھی پڑھیں : نیلم پارک پر قبضہ، اپوزیشن لیڈر کا وزیراعظم کو خط،اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس بھی جمع

Scroll to Top