مانسہرہ سے ناران جانے والی شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث ایک انتہائی افسوسناک اور دلخراش حادثہ پیش آیا ہے، جہاں سیاحوں کی ایک تیز رفتار کار موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔ اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار 4 سیاح موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے۔
ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق، کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کی گئیں۔ پہاڑی راستہ اور گہری کھائی ہونے کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔
تاہم مقامی لوگوں کی مدد سے ایک طویل آپریشن کے بعد تمام افراد کو کھائی سے نکال لیا گیا۔ ریسکیو حکام نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق ہونے والے چاروں بدقسمت سیاحوں کا تعلق پنجاب کے شہر سیالکوٹ سے ہے، جو گرمی کی چھٹیاں گزارنے اور تفریح کی غرض سے شمالی علاقہ جات کے سفر پر نکلے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے زخمی شخص کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج سے سیاحت تباہ، ہزاروں سیاحوں نے دورے منسوخ کر دیے
ابتدائی تحقیقات اور عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق، حادثہ بنیادی طور پر ڈرائیور کی جانب سے پہاڑی اور متبادل راستوں پر حد سے زیادہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے گاڑی موڑ پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکی۔
واضح رہے کہ موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ناران، کاغان، بابوسر ٹاپ اور دیگر شمالی علاقہ جات میں ملک بھر سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کا ہجوم اُمڈ آتا ہے۔
تاہم، ان پہاڑی راستوں کی دشواری، تنگ سڑکوں، تیز موڑ اور بالخصوص میدانی علاقوں سے آنے والے ڈرائیورز کا پہاڑی ڈرائیونگ کے تجربے سے محروم ہونا ایسے جان لیوا حادثات کا سبب بنتا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سیاحوں کا آزادکشمیر میں داخلہ بند، حکومت نے ایڈوائزی جاری کردی
ریسکیو 1122 اور مقامی انتظامیہ نے تمام شہریوں اور سیاحوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ دورانِ سفر گاڑی کی رفتار دھیمی رکھیں اور ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔




