جہلم ویلی(مانیٹرنگ ڈیسک) جہلم ویلی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف چھٹیاں میں احتجاجی مظاہرہ ، مظاہرین نے شاہراہ سرینگر بلاک کر دی، دونوں اطراف میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف جہلم ویلی کے علاقے چھٹیاں میں گزشتہ روز بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے شاہراہ سرینگر بلاک کر دی، مظاہرین نے محکمہ برقیات کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔
دونوں اطراف میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بجلی کی طویل بندش سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہے۔
یاد رہے کہ ہٹیاں بالا کے ملحقہ علاقوں میرا بکوٹ، چکوٹھی، پاہل، ریوند اور وادی کھلانہ کے عوام کو سحر وافطار کے دوران بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کاسامنا ہے۔
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سحر و افطار اندھیرے میں کرنے پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا،عوام لالٹیں جلا کرگزارہ کرنے لگے۔
حکومتی نااہلی اور بے حسی نے عوا کی زندگیوں کو مزید مشکلات سے دوچار کر دیا، ہٹیاں بالا گرڈ اسٹیشن کے لیے لایا گیا جنریٹر بھی تنصیب کے مرحلے میں ہی ناکارہ ثابت ہوا ۔
گرڈ سٹیشن میں پیش آنیوالی خرابی 24 گھنٹوں بعد بھی دور نہ کی جاسکی,محکمہ برقیات اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرے اور فوری طور پر بجلی کی بحالی کو یقینی بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر عوام سراپااحتجاج، راولاکوٹ میں خواتین نے سڑک بلاک کردی