اسپین اور ایف سی بارسلونا کے ابھرتے ہوئے نوجوان فٹبال اسٹار لامین یمال نے اپنی بے مثال کامیابی کا سہرا اپنے خاندان، بالخصوص اپنی دادی فاطمہ کی لازوال قربانیوں کے سر باندھ دیا ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں ماضی کی تلخ یادوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے 19 سالہ فٹبالر نے بتایا کہ ان کے لیے سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ آج ان کا خاندان ایک پرسکون اور باعزت زندگی گزار رہا ہے۔ لامین یمال نے اپنی شہرت اور دولت کے باوجود ماضی کی مالی مشکلات اور خاندانی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا۔
دادی فاطمہ کا مراکش سے تنہا سفر اور کڑی محنت:
لامین یمال نے اپنی دادی کی قربانیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی دادی فاطمہ نے خاندان کے بہتر مستقبل کی خاطر تنہا مراکش سے اسپین کا ایک طویل اور پرمشقت سفر اختیار کیا۔ وہ بس کے ذریعے مختلف شہروں سے گزرتی ہوئی آخرکار کاتالونیا کے شہر ماتارو پہنچیں۔ وہاں انہوں نے دن رات شدید محنت کی تاکہ اتنی رقم جمع کر سکیں جس سے وہ اپنے بچوں کو بھی اسپین بلا سکیں۔ لامین یمال کے والد اس وقت کم عمری میں اپنی بہن کے ساتھ مراکش ہی میں رہ گئے تھے، لیکن دادی کی انتھک محنت رنگ لائی اور وہ بالآخر اپنے بچوں کو اسپین منتقل کرانے میں کامیاب ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ : تیسری پوزیشن کا سنسنی خیز مقابلہ ، انگلینڈ نے فرانس کو 6-4 سے ہرا دیا
رہائشی مراکز سے ایک کمرے کے مکان تک کی مشکلات:
نوجوان اسٹار نے بتایا کہ ان کی والدہ بھی بچپن میں استوائی گنی سے اسپین آئی تھیں، جہاں بارسلونا میں ان کے والدین کی ملاقات ہوئی۔ تاہم، شدید مالی بحران کے باعث پورے خاندان نے کئی برس انتہائی کسمپرسی اور سادہ حالات میں گزارے۔ لامین یمال کا بچپن ایک ایسے رہائشی مرکز میں گزرا جہاں غریب والدین اپنے بچوں کے ساتھ رہتے تھے اور سب کو مشترکہ طور پر کھانا دیا جاتا تھا۔ بعد ازاں، مالی تنگی کی وجہ سے وہ ایک ایسے مکان میں بھی رہے جہاں ایک دوست نے انہیں رہنے کے لیے صرف ایک کمرہ دیا تھا۔ والدین کی علیحدگی کے بعد مشکلات مزید بڑھیں، جہاں ان کے والد اپنی والدہ (دادی) کے ساتھ رہنے لگے اور لامین خود اپنی والدہ کے ساتھ دوسرے شہر منتقل ہو گئے۔
اور پڑھیں: لیونل میسی کے ساتھ ٹب میں نہاتا یہ معصوم بچہ آج فٹبال کی دنیا کا سپر اسٹار لامین یمال ہے
خاندان کی خوشحالی ہی سب سے بڑا انعام:
لامین یمال کا کہنا ہے کہ آج ان کی سب سے بڑی کامیابی فٹبال میں ملنے والی شہرت یا دولت نہیں، بلکہ اپنے خاندان کو خوشحال دیکھنا ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ اپنی والدہ کو خوش اور اپنے چھوٹے بھائی کو وہ بچپن جیتے دیکھ رہے ہیں جو انہیں خود نصیب نہیں ہو سکا۔ آج ان کے والد سکون سے ہیں، دادی اپنے گھر میں مطمئن ہیں اور والدہ کے پاس وہ سب کچھ ہے جس کی وہ خواہش کرتی تھیں۔
واضح رہے کہ لامین یمال آج بھی اپنے آبائی غریب علاقے ‘روکافونڈا’ سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور ہر گول کے بعد اپنے مخصوص جشن کے ذریعے وہاں کے پوسٹل کوڈ کی علامت بناتے ہیں۔ کامیابی کے بعد انہوں نے اپنی دادی فاطمہ کے لیے روکافونڈا میں ایک نیا گھر خریدا ہے جبکہ ان کے والد اب بارسلونا کے ایک بہترین رہائشی علاقے میں مقیم ہیں۔




