نیلم پارک پر قبضہ، اپوزیشن لیڈر کا وزیراعظم کو خط،اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس بھی جمع

مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) اپوزیشن لیڈر آزادکشمیر اسمبلی خواجہ فاروق احمد نے نیلم پارک میں غیر قانونی قبضہ کیخلاف وزیراعظم آزادکشمیر کو خط اور اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے نیلم پارک میں غیر قانونی قبضہ کے خلاف وزیراعظم خط اور اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ نیلم پارک کا رقبہ شہریوں کی سہولت کے لئے مختص ہے اس طرح کے اقدامات سے تصادم کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم انوارالحق کے نام خط میں خواجہ فاروق نے کہا کہ 20 ستمبر 2014 کو بیلہ نور شاہ میں واقع 100 کنال 11 مرلے اراضی پارک کی تعمیر کیلئے بلدیہ کوالاٹ کی گئی تھی۔

نوٹیفکیشن میں واضح تھا کہ متذکرہ جگہ پر پارک نقشہ پلان کے تحت تعمیر کیا جائے گا اور اگر کسی بھی شرط کی بھی خلاف ورزی ہوئی تو حکومت رقبہ واپس لینے کی مجاز ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے بلدیہ کے تعاون سے کوئی شخص اس رقبے کے بڑے پختہ حصہ پر دکانیں تعمیر کررہا ہے جس پر عوام علاقہ نے احتجاج بھی کیا ہے،یہ 2014 کے نوٹیفکیشن کی بھی خلاف ورزی ہے۔

خواجہ فاروق نے خط میں مزید کہا کہ میںنے اپنی وزارت کے دوران اسی رقبہ کے ایک حصہ پر فاطمہ جناح فیلی لیڈی پارک کیلئے رقبہ مخصوص کر کے چار دیواری اور گیٹ نصب کروایا تھا اور فیملی پارک کیلئے رواں مالی سال میں مزید فنڈ مختص کرنے کیلئے حکومت کو تحریک کر رکھی ہے۔

انہوں نےو زیراعظم کی توجہ دلائی کہ اگر فوری کارروائی کر کے مذکورہ جگہ مختص شدہ پارک کیلئے نا جائز تجاوزات کے ذمہ داران کے خلاف کار روائی نہ کی گئی تو عوام کے حقوق شدید متاثر ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ فوری ذمہ داری پوری کرتے ہوئے نا جائز تجاوزات روکنے کے احکامات دیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی بھی کریں ۔

ادھر اسمبلی میں جمع کرائے گئے توجہ دلائو نوٹس میں خواجہ فاروق نے کہا کہ اہم عوامی نوعیت کے مسئلہ کو فوری زیر بحث لائے جانے کیلئے آمدہ اجلاس میں شامل کیا جائے تا کہ اس حوالہ سے حکومت اپنا موقف پیش کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں؛ مظفر آباد،سرکاری ادارے قبضہ مافیا کو روکنے کے بجائے خود دریا پر قابض ہونے لگے

Scroll to Top