مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کو ریاست جموں و کشمیر کی مسلم قیادت نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی تھی، جو آج بھی ان کے قومی نظریے اور عزم کی بنیاد ہے۔
یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے محبت ان کے ایمان، شناخت اور قومی فخر کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اس رشتے کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں اور وہ اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد پر مضبوطی سے قائم ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز پر حملے کرنیوالوں کوکوئی رعایت نہیں ملے گی، آئی جی لیاقت علی ملک
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بھی کشمیریوں کے جذبے کو سرد کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔
وزیر اعظم نے کشمیریوں کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اور پاکستانی عوام کا دل سے شکریہ ادا کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حلقہ 6 اور 7 میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ
انہوں نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔




