سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹلی کی نازیبا آڈیو لیک، عہدے سے ہٹادیا گیا، انکوائری کمیٹی بھی قائم

مظفر آباد ( کشمیر ڈیجیٹل) میرپور پولیس کے ایس ایچ اوعمران کے بعد سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹلی سردار نصیراحمد سرور کی مبینہ نازیبا آڈیو لیک ہونے پر ان کو عہدے سے ہٹادیا گیا جبکہ وزارت داخلہ نے انکوائری کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک آڈیوکال وائرل ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ  یہ آڈیو مبینہ طور پر سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹلی سردار نصیراحمد سرورکی ہے۔

آڈیو کال میں سردار نصیر سرور کو خاتون کیساتھ انتہائی نازیبا گفتگو کرتے پایا گیا ہے جس پر محکمہ داخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹا کرمرکزی دفتر رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

صدر ریاست کی منظوری سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل بھمبرعدن سجاد کو تبدیل کرتے ہوئے اسسٹنٹ سپرنٹنڈٹ جیل کوٹلی تعینات کرنے کے علاوہ انہیں سپرنٹنڈنٹ جیل کا اضافی چارج بھی تفویض کردیا گیا ہے۔

دوسری طرف چیف سیکرٹری وسیکرٹری داخلہ نے سوشل میڈیا پر وائرل سپرنٹنڈٹ جیل کوٹلی سردار نصیر کی آڈیو پر تحقیقات کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹلی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے۔

کمیٹی میں ایس پی کوٹلی اور ڈپٹی انسپکٹر جیل خانہ جات کو بھی شامل کیا گیا ہے، وزارت داخلہ نےکمیٹی کو 7 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، کمیٹی اپنے ساتھ نیا ممبر بھی رکھ سکے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل میرپور کے ایک ایس ایچ او عمران کی آڈیو کال لیک ہوئی تھی جس پر ایس ایچ او گرفتار ہے ، ایک نیا سکینڈل وہ بھی ماہ رمضان المبارک میں آنے پر عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون ہراسگی کیس، ملزم عمران چوہدری کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد

Scroll to Top