سکیورٹی فورسز

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن؛ خوارج کے خفیہ ٹھکانے اور اسلحہ ڈپو تباہ، کلیئرنس آپریشن جاری

سیکیورٹی فورسز نےبنوں اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف انتہائی منظم اور کارگر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ اور درجنوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ انٹیلی جنس معلومات پر مبنی ان کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی تباہ کیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

بنوں میں خوارج کے ٹھکانوں پر کاری ضرب اور کلیئرنس آپریشن:

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے بنو کے مختلف علاقوں بشمول نرمی خیل، بکا خیل اور تخت خیل میں خوارج کے مشتبہ ٹھکانوں اور اسلحہ ڈپوؤں کو نشانہ بناتے ہوئے گرینڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کیا ہے۔ آپریشن کے دوران متعدد زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جن کے بارے میں سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ خوارج کے بارود اور اسلحے کے ذخائر کو تباہ کیے جانے کے باعث پیدا ہوئیں۔

کامیاب کارروائی کے فوری بعد، علاقے کو ہر قسم کے خطرات سے پاک کرنے اور سیکیورٹی کو سو فیصد یقینی بنانے کے لیے فورسز نے وسیع پیمانے پر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فی الحال اس کارروائی میں ہونے والے جانی نقصان یا برآمدگیوں کی باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں کیونکہ آپریشن ابھی تک جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کا انتہائی حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر لیک، سیکیورٹی پر بڑا سوالیہ نشان

‘آپریشن شعبان’ میں تیزی؛ 24 گھنٹوں میں مزید 13 دہشت گرد ہلاک:

دوسری جانب، بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑی سلسلوں میں جاری “آپریشن شعبان” کے دوران سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے، جس کے بعد اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی کل تعداد 39 ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ یہ آپریشن منگل کے روز زیارت کے علاقے مانگی ڈیم پولیس پوسٹ پر ہونے والے بزدلانہ حملے کے بعد شروع کیا گیا تھا، جس میں 27 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔ اس حملے کے فوری بعد پاک فوج، فرنٹئیر کانسٹیبلری (FC) اور بلوچستان پولیس نے مشترکہ طور پر “آپریشن شعبان” کا آغاز کیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق:

  • 6 اور 7 جولائی کو کیے جانے والے کلیئرنس آپریشنز میں 26 دہشت گرد مارے گئے۔
  • گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تازہ جھڑپوں میں مزید 13 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

مشترکہ زمینی اور فضائی کارروائیوں کے ذریعے سیکیورٹی فورسز نے پہاڑی علاقوں میں خوارج کا گھیراؤ مزید تنگ کر دیا ہے۔

خضدار حملہ ناکام؛ صوبے بھر میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 75 ہو گئی
سیکیورٹی فورسز نے آج صبح خضدار کے علاقے زیدی میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے ایک اور دہشت گردانہ حملے کو بھی انتہائی بہادری سے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں کی فوری اور مؤثر جوابی کارروائی میں 8 شرپسند ہلاک ہوئے، جبکہ بعد ازاں ہیلی کاپٹر آپریشن کے ذریعے مزید 5 سے 6 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: بنوں میں سڑک کنارے دو بم دھماکے، 7 افراد جاں بحق، 3 زخمی

سیکیورٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ 5 جولائی سے اب تک صوبے بھر میں شروع کیے گئے “آپریشن شعبان” اور دیگر انٹیلی جنس آپریشنز کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 75 دہشت گرد موت کے گھاٹ اتارے جا چکے ہیں۔