امام علی گیلانیؒ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جدوجہد جاری رہے گی،سید صلاح الدین احمد

Pakistan SCO Summit 2026

مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل)امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ امام سید علی گیلانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حصول منزل تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

امام ؒتحریک آزادی کشمیرکا عنوان ہیں اور اس کی علامت بھی۔ نہ قابض حکومتوں کے بے پناہ وسائل اور خزانے ان کے ضمیر کو خرید سکے اور نہ ہی لاکھوں قابض فوجیوں کا ظلم و جبر ان کے عزم و استقلال کو متزلزل کر سکا۔

امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے سید علی گیلانی کے پانچویں یوم شہادت کے سلسلے میں متحدہ جہاد کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام سید علی گیلانی ؒنے حق خودارادیت کے اصولی، تاریخی اور جائز موقف پر کوہ گراں بن کر پوری زندگی جدوجہد کی اور تا دم آخری سانس تحریک آزادی کشمیر کی بے مثال قیادت کا فریضہ انجام دیا۔

سید علی گیلانیؒ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ بھارتی قبضے اور جبر کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے گزارا۔ انہیں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں، طویل اور مسلسل نظر بندی کا سامنا رہا، لیکن ان کے عزم، حوصلے اور استقامت میں کبھی کمی نہ آئی۔

حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوئے، وہ اپنے اصولی موقف سے ایک قدم بھی پیچھے نہ ہٹے اور نہ ہی کسی مصلحت کے تحت اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کیا۔ان کی جدوجہد کا بنیادی محور اسلام، آزادی اور کشمیری عوام کے مستقبل کے تعین کا حق خودارادیت تھا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:طارق فاروق ، افتخار گیلانی اہم ملاقات،کابینہ کی تشکیل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

یہی وجہ تھی کہ ان کی آواز صرف مقبوضہ جموں و کشمیر کی وادیوں تک محدود نہ رہی بلکہ دنیا بھر میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی توانا ترجمان بن گئی۔ یکم ستمبر 2021ء کو دوران نظر بندی آپ حسینی انداز میں مرتبۂ شہادت پر فائز ہوئے۔

سید صلاح الدین احمدنے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو بارہا سبوتاژ کرنے اور اسے اس کی منزل سے ہٹانے کی سازشیں کی گئیں، لیکن جرأت و استقامت کے پیکر سید علی گیلانیؒ ہر موقع پر ہمالیہ کی مانند ثابت قدم رہے اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے رہے۔

سید صلاح الدین احمد کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کی ریشہ دوانیوں کے ساتھ ساتھ اپنوں کی جانب سے طنز و تشنیع اور نکتہ چینی بھی آپ کے پائے استقلال میں ذرہ بھر لغزش پیدا نہ کر سکی۔ وہ اپنے نظریے، مقصد اور اصولی موقف پر آخری سانس تک ثابت قدم رہے۔

جہاد کونسل کے چیئرمین نےکہا کہ امام سید علی گیلانیؒ کو حقیقی خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین راستہ شہداء کی لازوال قربانیوں کی قدر ہے ۔

انہوں نے کہ اکہ شہداء کے خون سے سینچی گئی تحریک آزادی کشمیر کو اس کی حتمی منزل تک پہنچانے کیلئے ہمہ جہت اور ہمہ گیر جدوجہد کا عزم نو کیا جائے

تحریک آزادی کے خلاف ہونے والی ہر اندرونی و بیرونی سازش کو اتحاد، عزم اور حوصلے کے ساتھ ناکام بنایا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیر کے نام میں تبدیلی ،سید افتخار علی گیلانی کی جگہ صرف افتخار گیلانی لکھا جائے، نوٹیفکیشن جاری

انہوں نے کہا کہ مسئلۂ کشمیر کے بنیادی فریق کشمیری عوام ہیں، جبکہ پاکستان اور اس کی قیادت پر بحیثت فریق یہ اخلاقی، قومی اور آئینی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ناپاک بھارتی عزائم کا بروقت ادراک کرتے ہوئے نہتے اور مظلوم کشمیری عوام کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں۔

اجلاس کے اختتام پر سید علی گیلانیؒ اور شہدائے کشمیر کی بلندی درجات اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کے علاہ اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ امام سید علی گیلانیؒ کے لائحۂ عمل اور نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حصولِ منزل تک جدوجہد پوری استقامت، اتحاد اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔

دریں اثنا حزب کمانڈ کونسل کے خصوصی اجلاس میں بھی امام سید علی گیلانی ؒ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ امام گیلانی کےنقش قدم پر چلے ہوئے حصول منزل تک ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

Pakistan SCO Summit 2026