ٹائمز اسکوائر پر چاقو حملہ، بینک آف امریکا کی نائب صدر جاں بحق

Pakistan SCO Summit 2026

نیویارک(کشمیر ڈیجیٹل) امریکی شہر نیویارک کے معروف ٹائمز اسکوائر پر پیش آنیوالے اچانک چاقو حملے میں بینک آف امریکا کی 49 سالہ نائب صدر جاں بحق ہوگئیں۔

جبکہ ایک اور شخص زخمی ہوا۔ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور خاتون بھی موقع پر ہلاک ہوگئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور خاتون نے ٹائمز اسکوائر پر اچانک دو افراد کو چاقو کے وار سے نشانہ بنایا۔ حملے میں بینک آف امریکا کی نائب صدر شدید زخمی ہوئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آور خاتون نے اہلکاروں کی وارننگ کے باوجود چاقو لہراتے ہوئے آگے بڑھنے کا سلسلہ جاری رکھا، جس پر پولیس نے فائرنگ کی۔ خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کھلاڑیوں کی سلیکشن معاملے پرعدم مشاورت،مصباح الحق سلیکشن کمیٹی سے مستعفی

حملے میں زخمی ہونے والے دوسرے شخص کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

نیویارک کے میئر ظہران مامدانی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج پیش آنے والے واقعے نے متاثرہ خاندانوں کی زندگیاں بدل کر رکھ دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر ان خاندانوں کو آنے والے دنوں اور ہفتوں میں تنہا نہیں چھوڑے گا۔

مامدانی نے پولیس اہلکاروں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو مزید پھیلنے سے روکا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیویارک کے شہریوں کو محفوظ رکھنا پولیس اہلکاروں کی روزمرہ ذمہ داری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈان کی حالیہ رپورٹ مسترد، مندر کی اراضی لیز پر دی نہ مندر گرایا گیا، حکومت پنجاب

میئر کے مطابق واقعہ بظاہر کسی پہلے سے طے شدہ منصوبے کا نتیجہ نہیں تھا اور حملہ اچانک کیا گیا۔

واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے متعلق داخلی تحقیقات بھی کی جائیں گی، جبکہ اہلکاروں کے جسم پر نصب کیمروں کی فوٹیج بھی عوام کے لیے جاری کی جائے گی۔

ٹائمز اسکوائر جیسے شہر کے مصروف ترین اور معروف مقامات میں شمار ہونے والے علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے نے شہریوں اور وہاں موجود افراد میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026