نواز شریف

نواز شریف اور مریم نواز بھی آزادکشمیر انتخابی مہم میں انٹری دینے کو تیار، شیڈول جاری

آزاد کشمیر انتخابات کیلئے مسلم لیگ ن کی انتخابی سرگرمیاں تیزہوگئی اور میاں نواز شریف کے دورہ آزاد کشمیر کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ن لیگی ذرائع کے مطابق صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف 21 جولائی کو مظفرآباد اور 24 جولائی کو میرپور میں بڑے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کے عوام خون خرابے کی حمایت نہ کریں،ن لیگ کو ووٹ دیں، مریم نواز کی ہاتھ جوڑ کر اپیل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی میاں نواز شریف کے ہمراہ آزاد کشمیر کے انتخابی دورے میں شریک ہوں گی۔

وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام اور ن لیگ کی مرکزی قیادت انتخابی مہم کے سلسلے میں مظفرآباد پہنچ گئی ہے۔

مظفر آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماؤں کی جانب سے الیکشن 2026 کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے رہنماؤں کے ہمراہ اہم اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں یہ طے کیا گیا میں قائد ن لیگ میاں محمد نواز شریف مظفر آباد اور میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔

اجلاس میں قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے دورہ آزاد کشمیر کی تیاریوں اور انتخابی جلسے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں کے امیدواروں، پارٹی رہنماؤں، بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت نے انتخابی مہم، تنظیمی رابطوں اور آئندہ حکمت عملی سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔

۔اس موقع پروزیر امورکشمیر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں عوامی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دی، کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن 2026 میں کامیابی حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بھرپور انتخابی مہم چلائے گی، عوامی مسائل کا حل اور خطے کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، کشمیر امن، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آزاد کشمیر میں نمایاں ترقیاتی کام کئے ہیں۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ الیکشن کا بروقت انعقاد ناگزیر ہے، صاف و شفاف انتخابات ہی عوامی مسائل کا بہترین حل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ڈڈیال، ن لیگی رہنما راجہ شعیب عابد امیدوار اظہرصادق کے حق میں دستبردار

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت نےکارکنوں کو بھرپور انتخابی مہم تیز کرنے اور گھر گھر رابطہ مہم چلانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ 27 جولائی 2026 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور عوامی حمایت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی۔

اجلاس میں کیپٹن صفدر، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی، مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر،سابق وزیراعظم فاروق حیدر خان، عبدالرحمان آرائیں، بیرسٹر افتخار گیلانی و دیگر نے شرکت کی۔