برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار عید کی عبادات ٹی وی پر لائیو نشر کی جائینگی

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی نشریاتی ادارہ بی بی سی برطانیہ میں پہلی بار عید کی خصوصی عبادات کو لائیو نشر کریگا جو برطانوی ٹیلی ویژن کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

عید لائیو اور سیلیبریٹی عید کے عنوان سے یہ پروگرام بریڈ فورڈ سے نشر کئے جائیں گےجو اس سال برطانیہ کا سٹی آف کلچر بھی ہے اور بی بی سی کے نئے تھرلر وردی کی عکسبندی کا مقام بھی رہا ہے۔

عید لائیو کی میزبانی جیسن محمد کریں گے اور یہ برطانوی زمینی نشریاتی چینلز پر پہلی بار کسی مسجد سے براہِ راست نشر کیا جانے والا پروگرام ہوگا۔

یہ خصوصی نشریات عید کی صبح بریڈ فورڈ سینٹرل مسجد سے ہوں گی، جہاں تقریباً 1500 نمازی عبادت میں شریک ہوں گے۔ دو میزبان مسجد کے باہر موجود ہوں گے جبکہ مختلف مہمان بھی اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔

اسی روز سیلیبریٹی عید پروگرام بھی نشر کیا جائیگا جس میں معروف مسلم اور غیر مسلم شخصیات اکٹھا ہو کر عید کا جشن منائیں گی۔ مہمانوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔

بی بی سی کی مذہبی کمیشننگ سربراہ ڈیزی اسکلچی کا کہنا ہے کہ حیرت کی بات ہے کہ اس سے قبل کسی برطانوی چینل نے عید کی لائیو نشریات نہیں کیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد برطانوی عوام کو مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے روشناس کرانا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب برطانیہ میں اسلاموفوبیا کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

بریڈ فورڈ کو عید نشریات کے لیے منتخب کرنے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ شہر کی تقریباً ایک تہائی آبادی مسلم ہے اور بی بی سی پہلے ہی اپنے نئے ڈرامہ سیریل وردی کے ذریعے اس شہر کو نمایاں کر رہا ہے۔

یہ اقدام برطانوی میڈیا میں مذہبی اور ثقافتی تنوع کو بہتر انداز میں پیش کرنے کی ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہےا س سے قبل برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار شاہی محل میں اذان دی گئی تھی اور مسلمانوں کو افطار ڈنر بھی دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہزار سالہ تاریخ میں پہلی بار برطانوی شاہی محل اذان سے گونج اٹھا، سینکڑوں مسلمانوں نے روزہ افطار کیا

Scroll to Top