مظفرآباد(شجاعت میر)ڈپٹی میئر مظفرآباد نے ڈان کا روپ دھارتے ہوئے دن دیہاڑے شہر کے بیچوں بیچ اپنے حواریوں کے ہمراہ شہریوں پر حملہ اورتشدد کیا،ملزمان کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ مظفرآباد کی جانب سے سی ایم ایچ فلائی اوور کے نیچے قائم اڈے کو خالی کروائے جانے کے بعد دو فریقین کے مابین اڈے کے معاملات پر تصادم ہوا۔
ڈپٹی مئیر کی قیادت میں مسلح گروہ نے دوسرے فریق پہ حملہ کیا،آتشی اسلحہ اور لاتوں گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، حملے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجن سے زائد افراد 2،2لوگوں کو مارپیٹ کر رہے ہیں جبکہ ڈپٹی مئیر بلدیہ خالد اعوان موقع پر موجود ہونے کے باوجود فریقین کے مابین تنازعہ کو حل کروانے کے بجائے حملہ آوروں کو مار دھاڑ کے بعد اپنی سرکاری گاڑی پر سوار کر کے لے گئے۔
مقامی پولیس نے موقف اختیار کیا کہ دونوں فریقین کی جانب سے تھانہ میں کارروائی کے لئے درخواستیں جمع کروا دی گئی ہیں لیکن پولیس تحت ضابطہ کارروائی کرے گی۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی مئیر کی جانب سے لڑائی جھگڑےمیں سرکاری گاڑی کے استعمال کو آئین کے مغائر اور بدوں استحقاق قرار دیا ہے۔