امریکا نے ایران سے بڑا مطالبہ کردیا اور ساتھ دھمکی بھی دیدی

واشنگٹن: امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ امریکا نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں حملے بند کرنے اور ٹول ٹیکس وصول نہ کرنے کا اعلان عوامی سطح پر کیا جائے ۔

امریکی حکام کے مطابق امریکا نے دھمکی دی ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں حملے بند کرنے اور ٹول ٹیکس وصول نہ کرنے کا اعلان عوامی سطح پر نہ کیا تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ میں بھارتی گینگز کیخلاف گرینڈ آپریشن،24ملزمان گرفتار

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطا بق امریکی حکام نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت نتیجہ خیز رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کے جوہری تنصیبات تک رسائی نہ دینے پر امریکا کے پاس عسکری آپشنز موجود ہیں، مطلوبہ جوہری نتائج حاصل نہ ہوئے تو ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

امریکی عہدیدار نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکا کو بتایا ہے کہ جہازوں پر حالیہ حملے ایرانی نظام کے سخت گیر حصے کے باعث ہوئے۔

ایران نے اقوام متحدہ سے امریکا کے احتساب کا مطالبہ کر دیا

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے امریکا پر غیرقانونی اقدامات کا الزام عائد کرتے ہوئے عالمی ادارے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واشنگٹن کو اس کے اقدامات پر جواب دہ ٹھہرائے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا کہ امریکا اپنے غیر قانونی اقدام سے پیدا تمام قانونی اور سیاسی مضمرات کا ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو امریکا کے غیر قانونی جارحیت کے اقدام روکنے کے لیے موثر اور فیصلہ کن اقدامات کرنے چاہئیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا مذاکرات کا نیا دور کہاں ہوگا؟امریکی نیوز ویب سائٹ نے بڑا دعویٰ کردیا

اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب امیر سعید ایروانی نے زور دیا کہ یقینی بنایا جائے کہ امریکا اپنی ذمہ داریوں کی مکمل پاسداری کرے ۔

یہ بیان آبنائے ہرمز میں امریکا اور ایران کے درمیان حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے بعد سامنے آیا۔