مظفرآباد:ایکشن کمیٹی کی ہڑتال مسترد، کاروباری مراکز کھل گئے

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)شہریوں اور تاجروں نے ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رکھے۔

شہر کے مختلف بازار، تجارتی مراکز اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں جبکہ ٹریفک کی آمدورفت بھی معمول پر رہی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایم ڈی سی : ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں توسیع

شہریوں اور تاجروں نے مؤقف اختیار کیا کہ بار بار کی ہڑتالوں اور احتجاجی مظاہروں سے عام آدمی کی زندگی، روزگار اور کاروبار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری ایکشن کمیٹی پر عائد ہوتی ہے، کیونکہ مسلسل احتجاج اور ہڑتالوں نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ ہڑتال کی کال کالعدم ایکشن کمیٹی کی پرتشدد کارروائیوں اور انتشار پھیلانے کی ایک اور مذموم کوشش ہے، عوام جھوٹی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور اپنے کاروباری معاملات معمول کے مطابق چلائیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلح افراد کا گشت، ناکے، آزادکشمیر میں غذائی قلت کا باعث ہیں،پونچھ انتظامیہ

ریاست بھر میں تمام کاروباری مراکز، سرکاری و نجی دفاتراور بازار معمول کے مطابق کھلے ہیں، کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں سے ریاست کو پہلے ہی کافی معاشی اور سماجی نقصان پہنچ چکا ہے، آزاد جموں و کشمیر کی عوام اب مزید کسی انتشار یا بدامنی کا حصہ بننے کیلئے تیار نہیں۔

عوام نے واضح کر دیا ہے کہ وہ انتشار اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے امن، استحکام اور ترقی کے ساتھ کھڑے ہیں۔